اسلام آباد (آئی پی ایس ) وفاقی دارالحکومت میں دو روزہ شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس کل منگل سے شروع ہو گی ، سربراہی اجلاس میں شرکت کیلئے عالمی وفود پہنچ گئے ہیں ، وزیر اعظم شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کی صدارت کرینگے، اجلاس میں چین، روس، بیلا روس اور قازقستان ،کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان کے وزرائے اعظم ، ایرانی نائب صدر اور بھارتی وزیر خارجہ شریک ہونگے،کانفرنس میں وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہونگے، معیشت، تجارت اور سی پیک سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر گفتگو بھی کی جائے گی،چینی وزیر اعظم، صدر مملکت، پارلیمانی رہنماوں اورعسکری قیادت سے ملاقاتیں کرینگے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کے لیے انتظامات مکمل کر لیے گئے۔ وزیر اعظم شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کی صدارت کریں گے۔
اجلاس میں چین، روس، بیلا روس اور قازقستان کے وزرائے اعظم شریک ہوں گے۔کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان کے وزرائے اعظم بھی اجلاس میں شریک ہو رہے ہیں۔ جبکہ ایرانی نائب صدر اور بھارتی وزیر خارجہ بھی اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔ منگولیا کے وزیر اعظم بھی شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں شرکت کریں گے۔ترکمانستان کے وزیر خارجہ خصوصی مہمان کی حیثیت سے اجلاس میں شریک ہوں گے۔ جبکہ چینی وزیر اعظم پاکستان کا 4روزہ دورہ کر رہے ہیں۔دوسری جانب وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوں گے۔ جبکہ معیشت، تجارت اور سی پیک سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر گفتگو بھی کی جائے گی۔ چینی وزیر اعظم، صدر مملکت، پارلیمانی رہنماوں اورعسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ایس سی او کانفرنس کے حوالے سے اسلام آباد شہر میں پاک فوج کے دستے تعینات کر دیئے گئے۔ جبکہ میٹرو بس سروس 17اکتوبر تک بند رہے گی۔اسلام آباد پولیس نے ایس سی او کانفرنس کے باعث ٹریفک پلان بھی جاری کر دیا۔ جس کے مطابق ملپور سے ڈھوکری چوک، کشمیر چوک اور سرینا ہوٹل تک سڑک بند رہے گی۔راول ڈیم چوک سے کشمیر چوک، سرینا ہوٹل تک مری روڈ بھی بند رہے گا۔ جبکہ ملپور سے سرینگر ہائی وے کے ذریعے آبپارہ تک روٹ بند ہو گا۔ مری اور بھارہ کہو سے راولپنڈی آنے والوں کے لیے متبادل روٹس فراہم کر دیا گیا۔مری اور بھارہ کہو سے راولپنڈی آنے والے کورنگ روڈ، بنی گالہ، پارک روڈ، راول ڈیم چوک کے ذریعے فیض آباد جاسکیں گے۔ راولپنڈی سے اسلام آباد آنے والے نائنتھ ایونیو استعمال کریں۔
جبکہ ایکسپریس وے فیصل ایونیو سے زیرو پوائنٹ اور کورال چوک تک بند رہے گی۔16اکتوبر تک اسلام آباد میں ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا د اخلہ بھی بند ہو گا۔دوسری طرف وزارت خارجہ نے 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہونے والی ایس سی او کانفرنس میں شرکت کرنے والے ممالک کے وفودکے سربراہوں کے نام جاری کردیے۔ وزارت خارجہ کے مطابق چینی وزیر اعظم لی چیانگ ایس سی او کانفرنس میں اپنے وفد کی قیادت کریں گے اور بھارتی وزیرخارجہ سبرامینیم جے شنکر بھارتی وفدکی قیادت کریں گے جب کہ ایرانی وفدکی قیادت ایرانی اول نائب صدر محمد رضا عارف کریں گے۔ وزارت خارجہ کے حکام کا بتانا ہے کہ بیلاروس کے وزیراعظم رومان گولوف چینکو اپنے ملک کے وفدکی سربراہی کریں گے جب کہ قازقستان کے وزیراعظم اولژاس بیک تینوف اور کرغزستان کے چیئرمین کیبنٹ آف منسٹرز ژاپاروف اپنے اپنے وفود کی قیادت کریں گے۔ وزارت خارجہ کے مطابق تاجکستان کے وزیراعظم کوہر رسول زادہ، ازبکستان کے وزیراعظم عبداللہ اریپوف بھی پاکستان آنے والوں میں شامل ہیں اور اپنے وفود کی قیادت کریں گے جب کہ ترکمانستان کے ڈپٹی چیئرمین آف کیبنٹ منسٹرز راشد میریدوف پاکستان آئیں گے۔ وزارت خارجہ کا بتانا ہے کہ ایس سی او کے سیکرٹری جنرل جانگ منگ ،ایس سی او ڈائریکٹر ایگزیکٹو کمیٹی ارسلان مرزائیوف، ایس سی او بزنس کونسل کے چیئرمین بورڈ عاطف اکرام شیخ بھی اجلاس میں شرکت کریں گے جب کہ ایس سی او انٹر بینک یونین کے چیئرمین کونسل ماروت ییلی بائیف بھی اجلاس میں شریک ہونگے۔