Thursday, October 17, 2024
ہومتازہ ترینچین کے وزیراعظم لی چھیانگ چار روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے

چین کے وزیراعظم لی چھیانگ چار روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے

اسلام آباد(آئی پی ایس)وزیراعظم شہبازشریف کی دعوت پر چین کے وزیراعظم لی چھیانگ چار روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
چینی وزیراعظم کے طیارے نے پیر کو ساڑھے 12 بجے نور خان ائیربئیس پر لینڈنگ کی۔ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اپنی کابینہ کے ارکان کے ساتھ چینی ہم منصب کا استقبال کیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق چینی وزیراعظم پاکستان کی سول اور فوجی قیادت کے ساتھ اقتصادی و تجارتی تعلقات پر تبادلہ خیال کریں گے اور شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے ایک روز قبل اتوار کو بتایا تھا کہ چین کے وزیراعظم لی چیانگ 14 سے 17 اکتوبر تک پاکستان کا دورہ کریں گے اور ’سی پیک کی اعلیٰ معیار کی ترقی کو آگے بڑھائیں گے۔‘
دفتر خارجہ کے مطابق چینی وزیراعظم کے وفد میں وزارت خارجہ اور تجارت، نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن اور چائنا انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کے وزراء اور حکام شامل ہوں گے۔
بیان میں کہا گیا تھا کہ ’دورے کے موقع پر سی پیک کے تحت تعاون اور پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی اور تجارتی سمیت تمام شعبوں میں تعلقات پر جامع بات چیت ہو گی۔‘
دفتر خارجہ کے مطابق چینی وزیراعظم صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات بھی کریں گے۔ وہ پارلیمانی رہنماؤں اور پاکستان کی عسکری قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔