Thursday, October 17, 2024
ہومپاکستانایس سی او اجلاس، تاجر برادری نے پی ٹی آئی کی احتجاج کی کال کو ملک کیلئے تباہ کن قرار دے دیا

ایس سی او اجلاس، تاجر برادری نے پی ٹی آئی کی احتجاج کی کال کو ملک کیلئے تباہ کن قرار دے دیا

اسلام آباد (آئی پی ایس )تاجر برادری اور تجزیہ کاروں نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او)کے اجلاس کے موقع پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کی احتجاج کی کال پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے تحریک انصاف کی قیادت سے فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کیا ہے۔سرکاری ٹی وی سے بات کرتے ہوئے تجزیہ کاروں نے ایس سی او کانفرنس کے موقع پر پی ٹی آئی کی احتجاج کی کال کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے تباہ کن قرار دے دیا اور اس کے نتیجے میں معاشی عدم استحکام اور پاکستان کی عالمی ساکھ کو پہنچنے والے نقصان پر تشویش کا اظہار کیا۔

اسلام آباد کی تاجر برادری نے زور دیا ہے کہ ایس سی او کانفرنس علاقائی تجارت کے فروغ کا اہم ذریعہ ہے اور امید ہے کہ تحریک انصاف ملک کے قومی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے گی۔ماہر معیشت ڈاکٹر نور فاطمہ نے کہا کہ یہ اقدام عالمی برادری میں پاکستان کی ساکھ کو کمزور کرے گا، ہمیں سیاست چمکانے کے بجائے معاشی سفارتکاری پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔معروف کاروباری شخصیت مرزا اختیار بیگ نے کہا کہ یہ کانفرنس علاقائی ممالک کے ساتھ ہمارے تعلقات کو توانا کرنے کا اہم موقع ہے، پی ٹی آئی کی احتجاج کی کال اس پلیٹ فارم سے مستفید ہونے کے امکانات کو خطرے میں ڈال سکتی ہے، ایس سی او کانفرنس پاکستان کی معاشی بحالی کے لیے اہم ہے جبکہ پی ٹی آئی کی احتجاج کی کال صرف عدم استحکام اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو روکنے کا سبب بنے گی۔

دریں اثنا تاجروں نے پی ٹی آئی سے پسپائی اختیار کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ملک معاشی استحکام پر توجہ مرکوز کر سکے، ان کا کہنا ہے کہ یہ تقسیم کی سیاست کا نہیں بلکہ ملک کی اقتصادی صلاحیت پر توجہ دینے اور دوسرے ممالک کے ساتھ تجارت بڑھانے کا وقت ہے۔اسلام آباد کے ایک تاجر نے کہا کہ اس وقت ملک کو سیاسی تقسیم کے بجائے اپنی معاشی صلاحیت دکھانے کی ضرورت ہے، انہیں ملک کے معاشی مفادات کو ترجیح دینی چاہیے۔ لاہور کے ایک تاجر نے کہا کہ ایس سی او کانفرس علاقائی تجارت کے لیے اہم ہے، پی ٹی آئی کی احتجاج کی کال بات چیت میں خلل ڈال سکتی ہے اور پیش رفت میں رکاوٹ بن سکتی ہے۔دریں اثنا کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد فہیم نے کہا کہ پی ٹی آئی کی احتجاج کی کال نے تاجروں میں بے یقینی پیدا کردی ہے، ہم اپنے کاروبار پر اس کے اثرات کے حوالے سے فکر مند ہے۔کراچی ہول سیل مارکیٹ کے تاجر جمیل پراچہ نے کہا کہ یہ سیاست کرنے کے بجائے استحکام لاکر معیشت کو فروغ دینے کا وقت ہے۔لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خواجہ شہباز نے بھی پی ٹی آئی سے احتجاج کے فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے کاروبار مزید عدم استحکام کے متحمل نہیں ہیں۔اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی صدر عائشہ خرم نے کہا کہ ہمیں سیاسی مفادات کے بجائے معاشی ترقی کو ترجیح دینے کی ضرورت ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔