اسلام آباد (آئی پی ایس )فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن)نے مجوزہ آئینی ترامیم کے حوالے سے شفاف اور جامع سیاسی مکالمے پر زور دیا ہے ۔فافن نے مجوزہ آئینی ترامیم سے متعلق اپنی رپورٹ میں آئینی ترمیم کے ذریعے عدالتی اصلاحات متعارف کرانے کے حکومتی عزم کی حمایت کی ہے۔
فافن نے کہا کہ ملک بھر میں قانون سازی، انتخابی اور گورننس کے ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے اہم اصلاحات کی ضرورت ہے۔فافن کی رپورٹ میں اصلاحات کے لیے جامع نقطہ نظر کی اہمیت اور وسیع تر سیاسی اتفاق رائے پر زور دیا گیا ہے، فافن کا کہنا ہے کہ موجودہ سیاسی عدم استحکام آئینی کمزوریوں کی وجہ سے پیدا ہوا ہے۔فافن کے مطابق ان اصلاحات کا فوکس عوامی مفادات کے تحفظ اور بنیادی حقوق کو برقرار رکھنے کے لیے پارلیمنٹ کے اختیارات کو بڑھانے پر ہونی چاہیے۔