اسلام آباد(خبرنگارخصوصی)وفاقی سیکرٹری وزارت تعلیم و تربیت کی خصوصی ہدایات پر وفاقی دارالحکومت کے تعلیمی اداروں میں غیر نصابی سرگرمیوں منعقد کی جا رہی ہیں اسی سلسلے میں اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز ایف سیون فور میں سپیس ویک منعقد کیا گیا جس میں مختلف کالجز نے سپیس ٹیکنالوجی سے متعلق سٹالز لگائے۔
گزشتہ روز سپیس ویک کی اختتامی تقریب منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی سیکرٹری تعلیم و تربیت محی الدین وانی تھے۔ انہوں نے شرکا سے خطاب کے دوران خلائی تحقیق سے متعلق آگاہی کے فروغ کیلئے سپیس ویک کو نکتہ آغاز قرار دیا۔ محی الدین وانی کا یہ بھی کہنا تھا کہ مجھے لگتا ہے کہ ہم تجارتی خلائی ریسرچ میں ایک نئے دور کے آغاز پر ہیں۔
طالبات نے مختلف ٹیبلوز پیش کئے جن میں چاند کے سفر اور سیاروں سے متعلق مفید معلومات فراہم کی گئیں۔ سٹالز کی تنصیب میں پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات کو سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے۔ تقریب کے اختتام پر پرنسپل ڈاکٹر سعدیہ عزیز نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔