Thursday, October 17, 2024
ہومتازہ ترینلبنان میں پھنسے پاکستانی کراچی پہنچ گئے ، آنکھوں دیکھا حال بتا دیا

لبنان میں پھنسے پاکستانی کراچی پہنچ گئے ، آنکھوں دیکھا حال بتا دیا

کراچی (آئی پی ایس) لبنان سے پاکستانیوں کو لانے والی خصوصی پرواز کراچی پہنچ گئی جبکہ خصوصی پرواز سے 70 پاکستانی شہری لبنان سے وطن واپس پہنچے۔

تفصیلات کے مطابق جنگ زدہ لبنان پر اسرائیلی حملوں کے بعد وہاں پھنسے پاکستانیوں کو لانے والی خصوصی پرواز کراچی پہنچ گئی، دمشق سے خصوصی پرواز کے ذریعے 70 پاکستانی وطن واپس پہنچے جبکہ ایئرپورٹ پر لبنان سے آنے والے ہم وطنوں کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے۔

ایئر 320 ساختہ طیارہ رات 2 بجے کراچی ایئرپورٹ پر لینڈ کرنا تھا لیکن ایک گھنٹے کی تاخیر سے طیارہ رات 3 بجے کراچی ایئر پورٹ پر لینڈ کر گیا۔

سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستانیوں کو محفوظ شمالی بارڈر کراسنگ سے دمشق پہنچایا گیا، پاکستانیوں کی کراچی کے لیے پرواز پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بجے کے قریب روانہ ہوئی۔

دفترخارجہ کے مطابق پرواز میں موجود 67 پاکستانی لبنان سے بذریعہ سڑک دمشق پہنچے تھے جبکہ شام سے 4 دیگر پاکستانی بھی خصوصی پرواز میں سوار ہوئے تھے۔

لبنان سے وطن پہنچنے والے پاکستانیوں نے پاک سر زمین پر پہنچتے ہی سجدہ شکر ادا کیا اور انہوں نے وزیراعظم شہبازشریف کا شکریہ ادا کیا۔

گورنرسندھ کامران، وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی اور صوبائی وزیرجام اکرم اللہ دھاریجو نے پاکستانیوں کا استقبال کیا۔

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے گورنرسندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ حکومت نے لبنان سے پاکستانیوں کی باحفاظت وطن واپسی ممکن بنائی، حکومت پاکستان اس مشکل وقت میں اپنے پاکستانیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے، جو پاکستانی وہاں رہ گئے ہیں انہیں بھی جلد واپس لے آئیں گے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ سفارتخانوں کے بروقت اقدام نے پاکستانیوں کی فوری واپسی میں اہم کردار ادا کیا، شکر ہے 71 پاکستانی جنگ زدہ لبنان سے بحفاظت واپس آئے ہیں، لبنان کے شہریوں کے لیے بھی فکر مند ہوں جو اسرائیلی بمباری کا شکار ہیں۔

لبنان سے واپس آنے والے پاکستانیوں نے آنکھوں دیکھا حال بتا دیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لبنان سے واپس آئے پاکستانی مسافر نے بتایا کہ لبنان میں حالات بہت زیادہ خراب ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ لبنان میں اسرائیل صبح شام بم باری کر رہا ہے۔

ایک مسافر کا کہنا ہے کہ ہم پاکستانی سفارت خانے سے بہت خوش ہیں، سفارت خانے نے ہماری واپسی کے لیے بہت مدد کی۔

لبنان سے واپس آئے مسافر نے یہ بھی بتایا کہ ہم لوگ اپنی جانیں بچا کر آئے ہیں، لبنان میں لوگ بے گھر ہو گئے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔