Thursday, October 17, 2024
ہومپاکستانکے پی اسمبلی میں ہنگامہ آرائی، اراکین گتھم گتھا، لاتوں ، مکوں کا آزادانہ استعمال

کے پی اسمبلی میں ہنگامہ آرائی، اراکین گتھم گتھا، لاتوں ، مکوں کا آزادانہ استعمال

پشاور(آئی پی ایس ) خیبر پختونخوا اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن ارکان گتھم گتھا ہوگئے،اسپیکر کی جانب سے وقت نہ دینے پر اپوزیشن ارکان شدید اشتعال میں آگئے، ارکان اسمبلی نے لاتوں اور گھونسوں کا آزادانہ استعمال کیا،پی ٹی آئی کے رکن نیک وزیر اور پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین کے رکن اقبال وزیر میں جھگڑا ہوا، دونوں ارکان کے الجھنے پر ان کے حامی بھی لڑائی میں کود پڑے۔

تفصیلات کے مطابق اپوزیشن ارکان نے اسپیکر سے بات کرنے کا وقت مانگا تھا۔ اپوزیشن ارکان کو بات کرنیکا موقع نہ ملنے پر تلخ کلامی ہوئی جو ہاتھا پائی تک جاپہنچی۔ارکان اسمبلی نے لاتوں اور مکوں کا آزادانہ استعمال کیا۔اس دوران تحریک انصاف کے نیک محمد اور تحریک انصاف پارلیمنٹیرین کے اقبال وزیر آپس میں گتھم گتھا ہوگئے، گتھم گتھا ہونے والے دونوں ایم پی ایز کا تعلق شمالی وزیرستان سے ہے۔ جھگڑے کے دوران ایوان میں موجود دونوں اراکین کے حامیوں نے بھی ایک دوسرے پر حملے کیے، اس دوران ایوان مچھلی بازار کا منظر پیش کرنے لگا۔حالات پر قابو پانے کے لیے اسپیکر نے اجلاس 15 منٹ کے لیے معطل کیا، اس دوران سکیورٹی اہلکاروں کو بھی طلب کرلیا گیا۔

صوبائی وزرا اپوزیشن اراکین کو منانے اپوزیشن بینچوں پر آئے جس کے بعد حالات نارمل ہوئے جب کہ گتھم گتھا ہونے والے دونوں ایم پی ایز کو ایوان سے باہر لے جایا گیا۔اپوزیشن اراکین کا کہنا تھا کہ وزیراعلی کو بولنے کے لیے وقت دیا ہمیں کیوں نہیں ملتا۔رکن اے این پی نثار باز کا کہنا تھا کہ میں اپنے پارٹی کا موقف بیان کروں گا، شرافت کا غلط فائدہ نہ اٹھایا جائے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔