راولپنڈی : سوات کے علاقے چار باغ میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں خوارجیوں کے سرغنہ عطا اللہ مہران سمیت 2 خوارجی ہلاک ہوگئے جبکہ ایک خوارجی کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کی جانب سے جاری بیان کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے 4 اور 5 اکتوبر کی درمیانی شب ڈسٹرکٹ سوات کے علاقے چار باغ میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں خوارجیوں کا سرغنہ عطا اللہ مہران اور اس کا ایک ساتھی مارے گئے، جبکہ ایک خوارجی کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خوارجی عطا اللہ مہران 22 ستمبر2024 کو غیرملکی سفیروں کے قافلے میں موجود پولیس وین پردھماکہ خیز مواد سے حملے سمیت علاقے میں دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھا۔ علاقے میں موجود کسی بھی خوارجی کو ختم کرنے کے لیے آپریشن کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے ملک سے دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔