Sunday, December 22, 2024
ہومبریکنگ نیوزملائیشیاء کے وزیراعظم دورۂ پاکستان مکمل کرکے واپس روانہ

ملائیشیاء کے وزیراعظم دورۂ پاکستان مکمل کرکے واپس روانہ

اسلام آباد(آئی پی ایس) ملائیشیاء کے وزیرِاعظم داتو سری انور ابراہیم اپنا تین روزہ دورہِ پاکستان مکمل کرکے ملائیشیاء روانہ ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِاعظم شہباز شریف، نائب وزیرِ اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیرِ تجارت جام کمال خان علیانی نے ملائیشیاء کے وزیرِاعظم داتو سری انور ابراہیم اور ان کے وفد کو نور خان ایئر بیس سے الوداع کیا۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیاء کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو دہائیوں پر محیط ہیں، ملائیشیاء کے وزیرِ اعظم سے پاک ملائیشیاء تعلقات کی مزید مضبوطی پر اتفاق ہوا، ملائیشیاء کے وزیرِ اعظم علامہ اقبال کے مداح ہیں، جو پاکستان کیلئے فخر کی بات ہے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ ملائیشیاء کے وزیرِ اعظم داتو سری انور ابراہیم کے پاکستانی عوام اور حکومت کیلئے اچھے الفاظ اور نیک خواہشات کے تہہ دل سے مشکور ہیں پاک ملائیشیاء بزنس فورم میں دونوں ممالک کے مابین تجارت کے فروغ پر مثبت پیش رفت ہوئی، پاکستان کی ملائیشیاء سے تجارت کے فروغ سے ملکی برآمدات میں اضافہ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے۔
وزیرِ اعظم ملائیشیاء کا دورہءِ پاکستان، پاک ملائیشیاء تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز ثابت ہوا۔ دونوں ممالک کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں کا تبادلہ ہوا۔
پاکستان سے ملائیشیاء کو پراسیس گوشت اور چاول کی برآمدات میں اضافہ اور طریقہ کار کو سہل بنایا جائے گا، دونوں ممالک کے مابین انفارمیشن ٹیکنالوجی میں تعاون اور الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری و تجارت میں اضافے پر بھی اتفاق ہوا۔
دورے کے دوران وزیرِ اعظم ملائیشیاء کی وزیرِ اعظم شہباز شریف سے وزیرِ اعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات ہوئی جہاں انہیں شاندار استقبال پیش کیا گیا۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور وزیرِ اعظم ملائیشیاء داتو سری انور ابراہیم نے نے پاکستان ملائیشیاء بزنس فورم میں بھی شرکت کی. ملائیشیاء کے وزیرِ اعظم کو صدر پاکستان کی جانب سے نشان پاکستان بھی نوازا گیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔