اسلام آباد / راولپنڈی(آئی پی ایس) ڈی چوک میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے احتجاج کے معاملے پر انتظامیہ نے مختلف مقامات پر کنٹینرز لگا کر راستے بند کر دیے جس سے راولپنڈی سے اسلام آباد کا رابطہ منقطع ہوگیا جبکہ تین شہریوں کو گرفتار کرلیا گیا۔
ڈی چوک سے گرفتار ہونے والوں میں دو شہری اور ایک پی ٹی آئی کا کارکن شامل ہے۔
تفصیلا ت کے مطابق چیرنگ کراس چوک دونوں جانب سے رکاوٹیں کھڑی کرکے بند کر دیا گیا جبکہ ایم ایچ چوک صدر مال روڈ بھی دونوں جانب سے بند ہے۔ حیدر روڈ فلیش مین و میڑو اسٹیشن روڈ، مریڑھ چوک چاروں اطراف سے اور مری روڈ بھی مکمل طور پر بند ہے۔ ڈبل روڈ اسٹیڈیم بھی رکاورٹیں کھڑی کرکے بند رکھا گیا ہے۔
کچہری سےاولڈ ایئرپورٹ روڈ کورال تک کھلا ہے جبکہ سواں پل بھی کھلا ہے۔
سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کا کہنا ہے کہ امن وامان کی صورتحال کے دوران شاہراؤں کی صورت حال کو مد نظر رکھ کر غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔
اسلام آباد جانے والی تمام شاہراوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔ فیض آباد، ٹی چوک، کھنہ پل، سکستھ روڈ، ڈبل روڈ اور نائینتھ اینویو پر کنٹینرز لگا کر راستے بند کیے گئے ہیں۔
اسلام آباد جانے والے شہریوں سمیت ملازمت پیشہ افراد کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔