Sunday, December 22, 2024
ہومبریکنگ نیوزروس اور پاکستان کے مابین با مقصد اور سود مند تجارتی رابطوں میں اضافہ کریں گے،وفاقی وزیر علیم خان

روس اور پاکستان کے مابین با مقصد اور سود مند تجارتی رابطوں میں اضافہ کریں گے،وفاقی وزیر علیم خان


ماسکو:وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری، نجکاری و مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ روس سے دوطرفہ کاروباری شراکت اور مزید منصوبوں میں باہمی معاونت کے خواہا ں ہیں،پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے روس کے ڈپٹی وزیر اعظم الیکسی اوور چک سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتےہوئے کیا۔
وزارت سرمایہ کاری سے جار ی بیان کے مطابق ملاقات کے موقع پر روس میں پاکستان کے سفیر خالد جمالی اور سینئر حکام بھی وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کے ہمراہ تھے۔ ملاقات میں وزیر ٹرانسپورٹ رومان سٹاراووت اور ڈپٹی منسٹر صنعت و تجارت الیکسی گروزدیف بھی شامل تھے۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی روسی ڈپٹی وزیر اعظم الیکسی اوور چک سے باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی۔ملاقات میں تاپی گیس پراجیکٹ،دوطرفہ تجارت،ذرائع مواصلات اور پاکستان، ایران، آذربائیجان اور روس تک کی مجوزہ تجارتی راہداری اور ریل ٹریک کی تعمیر پر بھی گفتگو ہوئی۔
روسی ڈپٹی وزیر اعظم اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی مواصلات کے شعبے میں تعاون پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں پاکستان اور روس کے مابین تجارتی، معاشی اور دو طرفہ تعاون کی مختلف جہتوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان اور روس کے مابین نومبر2022میں ہونے والے انٹرنیشنل روڈ ٹرانسپورٹ معاہدے پر غور کیاگیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ روس سے دوطرفہ کاروباری شراکت اور مزید منصوبوں میں باہمی معاونت کے خواہا ں ہیں۔ ماسکو کی بزنس کمیونٹی سے بات چیت مفید، پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماسکو میں پہلے پاک روس بزنس اینڈ انویسٹمنٹ فورم کا انعقاد مثبت نتائج لائے گا۔دونوں ممالک کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری ہو سکتی ہے،سرمایہ کاری میں مکمل تعاون کریں گے۔ روس اور پاکستان کے مابین با مقصد اور سود مند تجارتی رابطوں میں اضافہ کریں گے۔
روس کے ڈپٹی وزیر اعظم الیکسی اوور چک کا پاکستان کیلئے مکمل تعاون و خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا اور کہاکہ نارتھ ساؤتھ انٹرنیشنل ٹرانسپورٹ کوریڈور میں پاکستان کی دلچسپی لائق تحسین ہے۔ یہ یورو ایشیا اور شمالی و جنوبی ممالک میں رابطے کے لئے بہترین تجارتی روٹ ہوگا۔ملاقات میں روس اور پاکستان کے متعلقہ محکموں کے مابین مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق رائے ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔