Sunday, December 22, 2024
ہومدنیااسرائیل نے سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کے ملک میں داخلے پر پابندی لگادی

اسرائیل نے سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کے ملک میں داخلے پر پابندی لگادی

تل ابیب:اسرائیل کے وزیر خارجہ اسرائیل کاٹز نے کہا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیریس کو ملک میں داخل ہونے سے روک رہے ہیں کیونکہ انہوں نے اسرائیل پر ایران کے میزائل حملے کی واضح طور پر مذمت نہیں کی۔
عالمی میڈیا کے مطابق اپنے ایک بیان میں اسرائیلی وزیر خارجہ اسرائیل کاٹز نے کہا کہ ایران کی سخت الفاظ میں مذمت کرنے میں ناکامی کی وجہ سے انتونیو گوتریس اسرائیل میں غیر مقبول شخص بن گئے ہیں۔
اسرائیل کاٹز نے کہا کہ جو کوئی بھی اسرائیل پر ایران کے گھناؤنے حملے کی واضح طور پر مذمت نہیں کر سکتا جیسا کہ دنیا کے تقریباً تمام ممالک نے کیا ہے، وہ اسرائیلی سرزمین پر قدم رکھنے کا مستحق نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل انتونیو گوتیرس کے ساتھ یا ان کے بغیر بھی اپنے شہریوں کا دفاع اور قومی وقار کو برقرار رکھے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ایران نے لبنان میں اپنی حمایت یافتہ تنظیم حزب اللہ کے خلاف اسرائیل کی جارحیت کا جواب دیتے ہوئے صہیونی ریاست پر درجنوں بیلسٹک میزائل فائر کردیے تھے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ اسرائیل بھر میں الارم بجنا شروع ہوگئے تھے اور مقبوضہ بیت المقدس، دریائے اردن کی وادی میں اسرائیلی شہریوں نے بم شیلٹرز میں پناہ لی اور دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جبکہ سرکاری ٹیلی ویژن پر لائیو نشریات کی ذمے داریاں انجام دینے والے رپورٹرز حملوں کے دوران زمین پر لیٹ گئے تھے۔
فارس نیوز ایجنسی کی جانب سے جاری کردہ پاسداران انقلاب کے بیان میں کہا گیا تھا کہ اگر صہیونی حکومت نے ایرانی حملوں پر جوابی کارروائی کی تو انہیں ایسے حملوں کا سامنا کرنا پڑے گا جو انہیں کچل کر رکھ دیں گے۔
اسرائیلی فوج کے دو عہدیداروں نے بتایا تھا کہ ایران کی جانب سے تقریباً 200 بیلسٹک میزائل فائر کیے گئے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔