اسلام آباد(سب نیوز )سعودی عرب کے 94ویں قومی دن پر مضبوط دوستی کا اعادہ کرتے ہیں۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے قومی دن پر خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کی مدد کی ، ترقی اور خوشحالی کیلئے سعودی عرب کا ویژن مثالی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی دن پر شاہ سلمان عبدالعزیز ، ولی عہد محمد بن سلمان اور سعودی عرب کے عوام کو 94 ویں قومی دن پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، سعودی عرب کے ساتھ مضبوط دوستی کا اعادہ کرتے ہیں۔ محمد شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ معاشی ترقی اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کیلئے سعودی عرب کے اقدامات قابل تقلید ہیں، سعودی ، امن ،خوشحالی ، استحکام اور بین المذاہب ہم آہنگی کا اہم وکیل ہے۔
قبل ازیں سعودی عرب کے 94ویں قومی دن کے حوالے سے اسلام آباد میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے مبارکباد دی، تقریب میں سعودی عرب کے حوالے سے ایک مختصر ڈاکیومنٹری اور وزیراعظم کا پیغام چلایا گیا ۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ اس تقریب میں شرکت کرنا اعزاز کی بات ہے، میں خادم حرمین شریفین اور سعودی عوام کو مبارکباد دیتا ہوں، سعودی عرب اور پاکستان کے برادرانہ تعلقات ہیں، ہمارے معیشت، کلچر، تعلیم، دفاع اور تجارتی تعلقات ہیں، مشکل وقت میں مدد پر پاکستان کے عوام سعودی عرب کے شکرگزار ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب نے مختلف شعبوں میں زبردست ترقی کی، یہ ترقی شاہ سلمان اور شہزادہ محمد بن سلمان کی کاوشوں کے باعث ہے، پاکستان سعودی عرب کے ترقی کے سفر پر دعا گو ہے۔