Thursday, October 17, 2024
ہومبریکنگ نیوزلبنان پر اسرائیل نے بم برسا دیئے، 182 افراد شہید، 700 زخمی

لبنان پر اسرائیل نے بم برسا دیئے، 182 افراد شہید، 700 زخمی

بیروت(سب نیوز )لبنان پر تازہ ترین اسرائیلی حملوں میں سیکڑوں ہلاکتوں کی اطلاعات ملی ہیں۔ برطانوی اور دیگر مغربی میڈیا نے ابتدائی رپورٹس میں بتایا ہے کہ ان حملوں میں 180 سے زائد افراد ہلاک اور 700 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ چند ایک خبر رساں اداروں نے ہلاکتوں کی تعداد 200 تک بتائی ہے۔برطانوی اخبار دی گارجین نے اسرائیل کے تازہ ترین حملوں کو غزہ میں گزشتہ اکتوبر میں شروع ہونے والی لڑائی کے حوالے سے اب تک کے شدید ترین حملے قرار دیا ہے۔

لبنان کی وزارتِ صحت کے حکام نے بتایا کہ پیر کی صبح صہیونی فوج نے جنوبی لبنان کے قصبوں اور دیہات کو نشانہ بنایا۔ ان حملوں میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔سرکاری حکام نے بتایا ہے کہ محتاط اندازے کے مطابق 200 سے زائد افراد جاں بحق اور 800 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ جنوبی لبنان کے بہت سے علاقوں سے لوگوں نے بڑے پیمانے پر نقلِ مکانی کی ہے۔ لبنانی حکومت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان اور دیگر علاقوں میں حزب اللہ کے 300 سے زائد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔

اسرائیلی حکومت کے ترجمان ڈیوڈ مینسر نے برطانوی اخبار کو بتایا کہ شمالی اسرائیل اور دیگر بہت سے علاقوں پر حزب اللہ کے حملوں کے نتیجے میں 60 ہزار سے زائد افراد کو نقلِ مکانی کرنا پڑی ہے۔ اسرائیلی حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ 7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل پر حملوں کے بعد سے اب تک کوئی ایک دن بھی ایسا نہیں گزرا جب جنوبی لبنان سے شمالی اسرائیل پر کوئی حملہ نہ کیا گیا ہو۔ ان حملوں سے بھاری مالی نقصان پہنچتا رہا ہے۔ اب اسرائیل کے پاس بھرپور جوابی کارروائی کے سوا چارہ نہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔