Saturday, September 21, 2024
ہومبریکنگ نیوزآئینی ترامیم و ججز تعیناتی، گورنر پنجاب کی وزیراعظم پر سخت تنقید

آئینی ترامیم و ججز تعیناتی، گورنر پنجاب کی وزیراعظم پر سخت تنقید

کہوٹہ(سب نیوز )گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے آئینی ترمیم اور ججز کی تعیناتی کے معاملے پر وزیر اعظم کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف غریبوں کی مدد کے بجائے ججز کی توسیع میں مصروف ہیں۔کہوٹہ یونیورسٹی میں عالمی لا کانفرس سے خطاب گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ جب ہم اپوزیشن میں ہوتے ہیں تو میرٹ میرٹ چیختے ہیں جبکہ جب عہدہ ملتا ہے تو اسے ہی میرٹ سمجھتے ہیں جو ہم کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کا کام نہیں کہ چار پانچ ججز میں سے کسی ایک کا انتخاب کر کے کسی کو چیف جسٹس بنائیں، تاریخ گواہ ہے کہ جب ایسا ہوا تو اس سے سیاست دانوں کو جوتے ہی پڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا نظام انصاف بہت کمزور اور فرسودہ ہے جس میں غریب آدمی کیلئے صرف مشکلات ہیں، انصاف کا نظام اور تھانہ کلچر معاشرے کی عکاسی کرتا ہے، دیوانی مقدمات کے فیصلے نسلوں تک چلتے ہیں جبکہ سیاسی سپورٹ کے بغیر پولیس میں ایف آئی آر نہیں ہوتی جبکہ جھوٹی ایف آئی آر درج ہو جائے تو عام آدمی انصاف کیلئے دھکے کھاتا ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ ہماری پولیس پر کام کا دبا ہے لہذا انکے مسائل کو بھی حل کرنا ہوگا، پولیس ملازم 24 گھٹنے کام کرتا ہے، وہ یونیفارم اتار کے آرام بھی نہیں کر سکتا ہے۔ پولیس کو بھی سہولیات دینی پڑیں گی جو انکا حق بنتا ہے۔ پولیس کو تنخواہیں بہتر کرنے اور ڈیوٹی اوقات پر نظر ثانی کی ضرورت ہے

سردار سلیم حیدر نے کہا کہ عدالتوں میں زیر التوا مقدمات کی تعداد لاکھوں میں ہے اور عوام انصاف کیلئے دھکے کھا رہے ہیں، دیوانی مقدمات میں بھی عام آدمی کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے تبدیلی لانے کی ضرورت ہے، ایک سیاستدان معاشرے کے تمام مسائل سے آگاہ ہوتا ہے مگر افسوس کے عہدہ ملنے کے بعد اس کی ترجیحات بدل جاتی ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔