اسلام آباد (سب نیوز )وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ افراط زر میں سنگل ڈیجٹ کی حد تک نمایاں کمی ہوئی ہے جس کے بعد امید ہے تیل کی قیمتوں میں کمی آئے گی۔اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف ) سے 25 ستمبر کو قرض کے حوالے سے اچھی نوید ملے گی، قرض کے حصول کے بعد میکرو اکنامک استحکام کا راستہ ترک نہیں کرنا ہے۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی روپے کی قدر مستحکم ہے، غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 26 ماہ کی بلند ترین سطح پر ہیں، زرمبادلہ ذخائر میں استحکام میں ترسیلات زر کی مضبوطی کا کردار نمایاں ہے۔محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاکستان کی آئی ٹی برآمدات 30 کروڑ ڈالر ماہانہ کی سطح پر مستحکم ہیں، یہ ہمارے برآمدی شعبے کے لیے اچھی خبر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ روشن ڈیجیٹل اکانٹس میں مسلسل اور مستحکم اضافہ خوش آئند ہے، پچھلے ماہ اس مد میں 165 ملین ڈالرکی سرمایہ کاری ہوئی ہے ، افراط زر میں سنگل ڈیجٹ کی حد تک نمایاں کمی ہوئی ہے، امید ہے تیل کی قیمتوں میں کمی اور ڈالر کی قدر میں استحکام آئے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شرح سود میں پہلے ہی 450 بی پی ایس تک کمی واقع ہو چکی ہے، اس کی بدولت کرنٹ اکانٹ کی صورت حال آگے بھی اچھی رہے گی، حکومت کی جانب سے بدھ کے روز ٹریژری بلز کی تمام بولیاں مسترد کی گئیں۔