Friday, September 20, 2024
ہومپاکستانپی اے آر سی میں سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ وسلم سیمینار کا انعقاد

پی اے آر سی میں سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ وسلم سیمینار کا انعقاد

اسلام آباد(آئی پی ایس ) پاکستان زرعی تحقیقا تی کونسل اسلام آباد نے 19 ستمبر2024 کو سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ وسلم سیمینار کا انعقاد کیا۔ سیمینار کا مقصد ہما رے نبی حضرت محمدرسول اللہ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ وسلم کی تعلیمات اور ان کی انسانی زندگی پر اثرات اور اہمیت پر روشنی ڈالنا تھا۔ پی اے آر سی کے چیئرمین ڈاکٹر غلام محمد علی نے اس موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اور سیمینار کے انعقاد میں میلاد کمیٹی پی اے آر سی کی کوششوں کو سراہا۔

اس موقع پرچئیرمین پی اے آر سی کا کہنا تھا کہ حضرت محمدرسول اللہ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ وسلم کی حیات طیبہ تمام عالم اسلام کے لیے مشعل ہدایت ہے اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ وسلم کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کرہی دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔مصر کے بین القوامی شہرت یافتہ قاری صلاح عبدللہ نے تلاوت کلام پاک سے محفل کا آغاز کیا۔ قاری ریحان حبیب، محمد رضوان عطاری اور حافظ محمد جاوید نے نعت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت حاصل کی۔ معروف عالم دین مفتی محمد گل رضا عطاری نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآ لہ و اصحابہ وسلم کی تعلیمات پر عمل درآمد کی اہمیت پر زور دیا اور آپ کی زندگی کے مختلف پہلوں پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآ لہ و اصحابہ وسلم کی حیات طیبہ روشنی کا مینار ہے جو تاریک ترین دور میں ہماری رہنمائی کرتی ہے۔ ان کی تعلیمات زمان و مکان کی پابند نہیں بلکہ آفاقی اور لازوال ہیں۔ وہ حکمت، ہمدردی کا ذریعہ ہیں اور ایک منصفانہ اور مکمل زندگی گزارنے کا راستہ ہیں۔ایگریکلچرل لنکجز پروگرام کے ڈائریکٹر، صاحبزادہ ارشد فاروق نے حضرت محمدرسول اللہ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ وسلم کی حیات طیبہ کے مختلف پہلووں پر روشنی ڈالی اورتمام معزز مہمانوں اور شرکا کا اس پروقار موقع پر شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔