ریاض(آئی پی ایس ) سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ جب تک آزاد فلسطینی ریاست قائم نہیں ہوجاتی اسرائیل کو تسلیم کرنا یا سفارتی تعلقات بحال کرنے کا سوال ہی نہیں پیدا ہوتا۔
عرب میڈیا کے مطابق ولی عہد محمد بن سلمان نے ان خیالات کا اظہار شوری کونسل سے خطاب میں کیا اور غزہ پر مسلسل وحشیانہ بمباری کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا کہ سعودی عرب کے لیے ایک ایسی آزاد فلسطینی ریاست قابل قبول ہے جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو اور اس کے قیام کے لیے اپنی تمام کوششیں جاری رکھیں گے۔محمد بن سلمان نے دوٹوک نداز میں کہا کہ مسئلہ فلسطین کا مستقل حل آزاد فلسطین کے قیام میں پنہاں ہے اور ایسا ہونے تک اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم نہیں کریں گے۔
سعودی ولی عہد نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے والے یورپی ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دیگر ممالک پر بھی زور دیا کہ وہ بھی اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے فلسطین کو تسلیم کرلیں۔