Friday, September 20, 2024
ہومتازہ ترینپی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی کی ضمانت منظور ، فوری رہائی کا حکم

پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی کی ضمانت منظور ، فوری رہائی کا حکم


اسلام آباد (سب نیوز) اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے گرفتار ارکان قومی اسمبلی کی ضمانت بعداز گرفتاری منظور کرلی جبکہ عدالت نے 10 گرفتار ارکان اسمبلی کو فوری رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق انسداد دِہشت گردی عدالت اسلام آباد کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے گرفتار پی ٹی آئی ایم این ایز کے خلاف تھانہ سنگجانی میں درج مقدمے میں ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواستوں پر سماعت کی۔

دوران سماعت پراسیکیوٹر راجہ نوید نے کہا کہ ایم این اے احمد چٹھہ مقدمے میں نامزد ہیں، مقدمے میں جو دفعات لگائی گئی ہیں ان کی سزا کم سے کم 3 سال ہے، ضمانت منظور نہ کی جائے۔

جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے استفسار کیا کہ شیر افضل مروت، احمد چٹھہ و دیگر ایم این ایز سے کچھ برآمد ہوا ہے جس پر پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ نہیں کچھ بھی برآمد نہیں ہوا ہے۔

بعدازاں عدالت نے پی ٹی آئی کے گرفتار ایم این ایز کی 30، 30 ہزار روپے مچلکوں کے عوض ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرتے ہوئے فوری رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

پی ٹی آئی کے گرفتار ایم این ایز میں شیر افضل مروت، شیخ وقاص، زین قریشی، احمد چٹھہ، عامر ڈوگر، یوسف خان، نعیم علی شاہ اور دیگر شامل ہیں، ان کے ساتھ پی ٹی آئی ایم این ایز میں اویس حیدر جکھڑ، شاہ احد اور زبیر خان بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی ایم این ایز پر تھانہ سنگجانی، ترنول، نون اور تھانہ سنبل میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں۔

یاد رہے کہ 10 ستمبر کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پاکستان میں نئے قانون پرامن جلسہ، جلوس اور امن عامہ بل 2024 میں وضع کردہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے کے الزام میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے گرفتارقائدین میں سے پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کو رہا جبکہ شعیب شاہین، شیر افضل مروت اور عامر ڈوگر سمیت 7 قائدین کا جسمانی ریمانڈ منظور جب کہ شعیب شاہین کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔
انسداد دہشتگردی کی عدالت کے فیصلے کے خلاف گرفتار پی ٹی آئی رہنماؤں نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے گزشتہ روز پی ٹی آئی رہنماؤں کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے انسداد دہشتگردی عدالت کی جانب سے پی ٹی آئی کے گرفتار رہنماؤں کے جسمانی ریمانڈ کا فیصلہ معطل کردیا تھا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔