اسلام آباد(سب نیوز )ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں مہنگائی میں 0.01 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اس حوالے سے ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کے اعداد و شمار جاری کر دیے گئے۔ ادارہ شماریات کے مطابق مہنگائی کی مجموعی شرح 14.36 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے میں 15 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ 14 اشیا کی قیمتوں میں کمی اور 22 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
ادارہ شماریات کے مطابق ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں7 روپے 40 پیسے کا اضافہ ہوا۔ زندہ مرغی کی فی کلو قیمت 16 روپے 7 پیسے بڑھ گئی۔ ایک ہفتے میں بجلی فی یونٹ 26 پیسے مہنگی ہوئی۔ دال چنا 9 روپے 26 پیسے، لہسن 12 روپے فی کلو مہنگا ہوا، ایک ہفتے میں گائے کا گوشت فی کلو 11 روپے تک مہنگا ہوا۔ ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں بکرے کے گوشت کی فی کلو قیمت میں 14 روپے تک اضافہ ہوا۔ تازہ دودھ، دہی، گھی، ٹوٹا باسمتی چاول مہنگی ہونے والی اشیا میں شامل ہے۔
ایک ہفتے میں کیلا فی درجن 8 روپے تک سستا ہوا، دال ماش بھی 8 روپے فی کلو تک سستی ہوئی۔ آٹے کا 20 کلو تھیلا 17 روپے تک سستا ہوا جبکہ انڈے کی فی درجن قیمت میں 3 روپے تک کمی ہوئی۔ ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں آلو کی فی کلو قیمت میں 82 پیسے کی کمی ہوئی جبکہ ایک ہفتے میں دال مونگ، مسور، پیاز، خوردنی تیل اور چینی سستی ہونے والی اشیا میں شامل ہے۔