Thursday, September 19, 2024
ہومبریکنگ نیوزکیس کو 9 ستمبر میں ہی رکھیے گا، 9 الیون میں مت ڈالیے گا، شاہ محمود قریشی کا جج سے مکالمہ

کیس کو 9 ستمبر میں ہی رکھیے گا، 9 الیون میں مت ڈالیے گا، شاہ محمود قریشی کا جج سے مکالمہ

لاہور: انسداد دہشتگردی عدالت لاہور میں 9مئی مقدمات پر سماعت کے دوران شاہ محمود قریشی اور جج خالد ارشد کے درمیان مکالمہ ہوا، اس دوران شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہماری درخواست ہے کہ آپ اپنے ترازو میں انصاف کو تولیے، جج خالد ارشد نے کہا کہ میں اس کیس کو 9 تاریخ تک ملتوی کررہا ہوں، شاہ محمود نے کہاکہ کیس کو 9ستمبر میں رکھیے گا، نائن الیون میں مت ڈالیے گا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت میں 9مئی کو تھانہ شادمان اور مغلپورہ میں جلاؤ گھیراؤ مقدمات کی جیل میں سماعت ہوئی، شاہ محمودقریشی، عمر سرفرازچیمہ، یاسمین ارشد، عالیہ حمزہ عدالت میں پیش ہوئے۔

جج خالد ارشد نے کہاکہ آج میں نے کیس صرف اگلی تاریخ کے لیے ملتوی کرنا ہے، اب میں نے کوئی آرڈر نہیں کرنا، میں شاید کل ہی اپنا چارج چھوڑ دوں۔

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ہمیں گلہ ہے کہ آپ نے ہماری ضمانتوں پر فیصلہ نہیں کیا، اب آپ نئی ڈیوٹی پر جا رہے ہیں آپ کے لیے نیک خواہشات ہیں۔

’ضمانت تو ہمارا حق ہے، ہم نے کون سا اس ملک سے بھاگ جانا ہے‘۔

جج نے ریمارکس دیے کہ جو آزادی کسی کے گلے پڑے قانوناً اس کی اجازت نہیں ہوسکتی۔

ڈاکٹر یاسمین راشد اور جج خالد ارشد کے درمیان بھی مکالمہ ہوا، یاسمین راشد نے کچھ کہنے کی کوشش کی تو جج نے ڈاکٹر یاسمین راشد کو ہدایت کی کہ آج آپ نہ بولیں، نئے جج آئیں گے تو ان کے سامنے دل کھول کرباتیں کیجیے گا۔

رہنما پی ٹی آئی عمرسرفراز چیمہ نے کہا کہ ایک سال سے زائد ہوگیا کہ جیل میں ہیں، اور اب تک 4 جج بدل چکے ہیں، ایک طرف کہتے ہیں 9مئی کیسز کے کیپٹل ہل جیسے فیصلے ہونے چاہییں، دوسری طرف کیسز کا فیصلہ ہی نہیں کررہے۔

تاہم، کارروائی مکمل ہونے پر عدالت نے بغیر کارروائی سماعت 9ستمبر تک ملتوی کردی۔ دوسری جانب عدالت نے شادمان جلاؤ گھیراؤ کیس میں عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کے وارنٹ گرفتاری بھی منسوخ کر دیے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔