Friday, September 13, 2024
ہومبریکنگ نیوزٹرمپ نے اسرائیل پر 7 اکتوبر کے حملوں کا الزام کملا ہیرس پر دھردیا

ٹرمپ نے اسرائیل پر 7 اکتوبر کے حملوں کا الزام کملا ہیرس پر دھردیا

واشنگٹن(سب نیوز )سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی انتخابات کے لیے ڈیموکریٹک پارٹی کی خاتون امیدوار کملا ہیرس پر نئے اور انوکھے الزامات عائد کردیے ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق سات اکتوبر کو اسرائیل پر حماس کے حملے کی وجہ کملا ہیرس ہیں۔سابق امریکی صدر کا کہنا ہے کہ ایران کے پاس اس وقت حزب اللہ کو بھیجنے کے لیے مالی رقوم نہیں تھیں۔

ٹرمپ کا اشارہ اس جانب تھا کہ بائیڈن انتظامیہ نے ایران پر پابندیاں عائد کرنے میں سست روی کا مظاہرہ کیا۔سابق صدر کا یہ نیا بیان سماجی رابطے کے پلیٹ فارم Social Truth پر سامنے آیا ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کے ساتھ ایک اشتہاری فلم بھی منسلک کی گئی ہے جس میں اسرائیل پر حماس کے حملے اور حملے کے بعد چھڑ جانے والی جنگ کی ہول ناکیاں یاد دلائی گئی ہیں۔

ویڈیو میں لوگوں کو باور کرایا گیا ہے کہ اس کے نتیجے میں بے قصور لوگ ہلاک اور اغوا ہوئے جن میں امریکی شہری بھی شامل ہیں۔شکاگو میں ڈیموکریٹک پارٹی کا نیشنل کنونشن ختم ہونے کے بعد ٹرمپ کی انتخابی مہم کی جانب سے کملا ہیرس پر تنقید میں شدت آ گئی ہے۔یاد رہے کہ ڈیموکریٹک خاتون امیدوار نے کنونشن میں اپنے خطاب میں اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ وہ ٹرمپ کو شکست دیں گی اور ملک کو پیچھے نہیں جانے دیں گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔