دبئی: پاکستان کی آزادی کے 77 سال کے موقع پر ’ایمریٹس لوز پاکستان‘ کی تقریب میں 10ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی۔ پاکستان کی آزادی کی سالگرہ کے موقع پر رواداری اور باہمی ہم آہنگی کے وزیر شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی اور کئی معززین اور سفارت کاروں کے ساتھ 77ویں سالگرہ کی شاندار تقریب میں شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں منعقد ہونے والی اس تقریب نے 10ہزار سے زائد شرکاء کو اپنی طرف متوجہ کیا اور متحدہ عرب امارات کے گورنمنٹ میڈیا آفس نے ’ایمریٹس لوز پاکستان‘ پیج، پاکستان ایسوسی ایشن دبئی، دبئی پولیس اور دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے اشتراک سے منعقد کیا تھا۔
شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان گہرے تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے اپنے تعلقات کو پروان چڑھانے اور مضبوط بنانے کے لیے دونوں ممالک کے عزم پر زور دیا۔
شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے کہا کہ ہمارے ثقافتی، سیاسی، تجارتی اور عوام کے درمیان روابط مشترکہ اقدار اور عقائد میں گہرے جڑے ہوئے ہیں اور ہمارے قریبی تعلقات کے لیے اب اور مستقبل میں ایک مضبوط اور مستحکم بنیاد فراہم کرتے ہیں۔
ہمارے پاس دنیا کے کونے کونے میں ترقی اور امن کے حصول کے لیے امید اور پختہ عزم بھی ہے، ہم عالمی معاملات میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات دونوں کے ابھرتے ہوئے اور بڑھتے ہوئے خصوصی مقام سے فائدہ اٹھانے کے لیے پرعزم ہیں۔
شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے مزید کہا کہ آپ کے ملک کے 77ویں یوم آزادی کے اس خاص موقع پر ہمیں متحدہ عرب امارات میں پاکستانی عوام کے ساتھ اپنے ممالک اپنے خطے اور مستقبل کے لیے امید اور رجائیت پیش کرنے پر فخر ہے۔ متحدہ عرب امارات میں ہمیں علاقائی اور عالمی ترقی اور خوشحالی کے حصول کے لیے اپنے پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کام کرنے پر فخرہے۔
اس تقریب میں پاکستان کے بھرپور ثقافتی تنوع کی نمائش کی گئی، جس میں روایتی موسیقی اور رقص کے ساتھ ساتھ پاکستانی دستکاری کی نمائشوں سمیت متعدد پرفارمنسز پیش کی گئیں۔ پروگرام میں یو اے ای کی ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کے تعاون کو بھی منایا گیا، جس میں پائیدار ترقی کو فروغ دینے میں ان کا کردار بھی شامل ہے۔
اس تقریب میں نامور پاکستانی کھلاڑیوں کو بھی اعزاز سے نوازا گیا، جن میں نائلہ کیانی شامل ہیں، وہ 8ہزار میٹر سے بلند 14 میں سے 11 بلند ترین چوٹیاں سرکرنے والی پہلی پاکستانی خاتون ہیں، اور مجموعی طور پر تیسری پاکستانی ہیں جنہوں نے یہ کارنامہ سرانجام دیا ہے۔
کرکٹ لیجنڈ شاہد آفریدی کو ان کی ریکارڈ ساز کامیابیوں اور فلاحی کاموں کے لیے اعزاز سے نوازا گیا، اسکواش چیمپئن جہانگیر خان اور ہاکی اسٹار شہباز احمد کو بھی ان کے شاندار کھیلوں کے کیریئر کی وجہ سے نوازا گیا۔
متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں، جو اسٹریٹجک شراکت داری اور بڑھتے ہوئے اقتصادی تعلقات سے تقویت یافتہ ہیں۔
واضح رہے مرحوم شیخ زید بن سلطان النہیان کے 1971 کے دور کے بعد سے متحدہ عرب امارات پاکستان میں ترقی کا ایک بڑا حامی رہا ہے۔ اس شراکت داری میں اہم سرمایہ کاری شامل ہے، جس میں متحدہ عرب امارات نے حال ہی میں پاکستان میں امید افزا شعبوں کے لیے 10 بلین امریکی ڈالر کا وعدہ کیا ہے۔