اسلام آباد(آئی پی ایس )وفاقی حکومت نے ٹیکس نیٹ بڑھانے کیلئے مرتب کردہ پانچ سالہ ریونیو جنریشن پلان آئی ایم ایف کو فراہم کردیا ہے جس میں ایف بی آر نے اگلے پانچ سال کے دوران ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کیلئے مجوزہ اہداف مرتب کئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق حکومت کی طرف سے ریونیو جنریشن پلان کے تحت آئی ایم یف کے ساتھ شیئر کردہ اگلے پانچ سال کے ڈیٹا میں بتایا گیا ہے کہ اگلے پانچ سال کے دوران دوکروڑ سے زائد نئے لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
جس کیلئے رواں سال 37 لاکھ 22 ہزار افراد کے علاوہ 23 ہزار 5 سو ایسوسی ایشن آف پرسنز رجسٹرڈ کی جائیں گی۔ذرائع کے مطابق کے مطابق رواں مالی سال کے دوران ساڑھے 9 ہزار کمپنیوں کو مزید ٹیکس نیٹ میں شامل کیا جائے گا۔آئندہ مالی سال 39 لاکھ 9 ہزار افراد، ایسوسی ایشن آفس پرسنز اور کمپنیوں کو سسٹم میں لانے کا ہدف بھی مرتب کیا گیا ہے۔
ایف بی آر ذرائع کے مطابق مالی سال 2026-27 کے دوران 41 لاکھ 4 ہزار 217 افراد کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے گا جبکہ حکومت کی طرف سے مالی سال 2027-28 کے دوران 43 لاکھ 9 ہزار افراد کو ٹیکس نیٹ میں لانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔