Thursday, December 26, 2024
ہومپاکستانرواں سال کتنے غیر ملکی پاکستان آئے؟ ایف آئی اے امیگریشن نے کارکردگی رپورٹ جاری کردی

رواں سال کتنے غیر ملکی پاکستان آئے؟ ایف آئی اے امیگریشن نے کارکردگی رپورٹ جاری کردی

اسلام آباد ( آئی پی ایس) رواں سال کے دوران ایف آئی اے امیگریشن نے بین الاقوامی آمد اور روانگی کی چیک پوسٹوں پر 1 کروڑ 8 لاکھ 20 ہزار مسافروں کو کامیابی سے پروسیس کیا۔ بین الاقوامی فلائٹس پر 53 لاکھ مسافر پاکستان آئے جن میں 11 لاکھ غیر ملکی تھے، جبکہ 55 لاکھ مسافر پاکستان سے روانہ ہوئے جن میں 11 لاکھ غیر ملکی شامل تھے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملک بھر میں مجموعی طور پر 30 بین الاقوامی آمد و روانگی کی امیگریشن چیک پوسٹس آپریشنل ہیں۔ 27 لاکھ مسافروں نے بیرون ملک آمد و روانگی کے لیے اسلام آباد ایئرپورٹ سے سفر کیا، جبکہ لاہور ایئرپورٹ سے 25 لاکھ مسافروں نے سفر کیا۔

کراچی ایئرپورٹ سے مجموعی طور پر فلائٹس پر 22 لاکھ مسافروں نے سفر کیا، سب سے زیادہ 5لاکھ 79ہزار 543 غیر ملکیوں نے آمد و روانگی کے لیے اسلام آباد ایئرپورٹ سے سفر کیا۔

ایف آئی اے کے انٹیگریٹڈ بارڈر مینجمنٹ سسٹم نے رواں سال کے دوران 1716 اسٹاپ لسٹ کیسز کا کامیابی سے سراغ لگا کر قانون کے مطابق کارروائی کی۔ مختلف اداروں کو جرائم میں مطلوب 283 مسافروں کو ایئرپورٹس پر گرفتار کیا گیا۔

گمشدہ اور چوری شدہ پاسپورٹ پر سفر کرنے کی بنیاد پر 305 مسافروں کو گرفتار کیا گیا، انسانی اسمگلروں کے خلاف کامیاب کریک ڈاون اور بہترین حکمت عملی کے نتیجے میں امریکی محکمہ خارجہ نے اپنی سالانہ ٹریفکنگ ان پرسنز رپورٹ 2024 میں پاکستان کی حیثیت کو ٹائر 2 میں برقرار رکھا۔

رواں سال کے دوران 1123 بلیک لسٹڈ کیے گئے پاسپورٹس پر سفر کرنے کی کوشش ناکام بنائی گئی، رواں سال کے دوران 1129 مسافروں کو جعلی دستاویزات کی بنیاد پر آف لوڈ کرکے متعلقہ تھانوں میں منتقل کیا گیا۔

عمرے کی آڑ میں جانے والے بھکاریوں اور یونان کشتی حادثے جیسے حولناک واقعات کی روک تھام کے لیے ایئرپورٹس پر سخت اسکرینگ کا آغاز کیا گیا۔ وزیر داخلہ محسن رضا نقوی اور ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر کی ہدایت پر لاہور، ملتان اور کراچی ایئرپورٹ پر سکینڈ لائن بارڈر کنٹرول آفس قائم کیے گئے۔

آئی سی ایم پی ڈی کے تعاون سے قائم کردہ یہ آفسسز جدید آلات سے لیس ہیں، ایف آئی اے امیگریشن حکام کے لیے جدید آلات کے حوالے سے خصوصی ٹریننگ کا بھی انعقاد کیا گیا۔

سکینڈ لائن بارڈر کنٹرول آفسسز اسٹیٹ آف دی آرٹ فرانزک اور آئی ٹی آلات سے لیس ہیں، جدید آلات سے غیر قانونی امیگریشن روکنے کی صلاحیت بہتر ہوگی۔

جدید سسٹم کی بدولت جعلی، مشتبہ، غیر قانونی دستاویزات اور ویزوں کی جانچ پڑتال کی جا سکے گی۔ جدید آلات پاسپورٹس اور ویزوں کی خصوصیات کو جانچنے میں معاونت کریں گے۔

جدید آلات سے غیر قانونی امیگریشن روکنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا، جدید آلات سے انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کو یقینی بنایا جائے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔