Friday, October 18, 2024
ہومدنیااسرائیل نے خان یونس میں پناہ گزین کیمپ پر بم برسا دیئے ، 100 سے زائد فلسطینی شہید

اسرائیل نے خان یونس میں پناہ گزین کیمپ پر بم برسا دیئے ، 100 سے زائد فلسطینی شہید

غزہ کے علاقے خان یونس میں سیف زون قرار دیئے گئے المواسی پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی بمباری سے مزید 100 سے زائد فلسطینی شہید ہو گئے۔

عرب میڈیا کے مطابق المواسی کیمپ پر بمباری سے 71 فلسطینی شہید اور 289 زخمی ہوئے۔ اس کے علاوہ اسرائیلی فوج نے شاطئی کیمپ میں نماز پڑھتے لوگوں پر بمباری کی جس میں 15 فلسطینی شہید ہو گئے۔

اسرائیلی فوج نے المواسی کیمپ میں حماس ملٹری چیف محمد ضیف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے تاہم حماس نے اسرائیل کی جانب سے حماس رہنما کو نشانہ بنائے جانے کی تردید کی ہے۔

حماس کا کہنا ہے کہ کیمپ میں قابض صیہونی فوج نے فلسطینیوں کا قتل عام کیا ہے، اسرائیلی فوج کی فلسطینیوں کی نسل کشی مہم میں امریکا براہ راست حصہ دار ہے۔

ادھر مصری وزارت خارجہ نے خان یونس پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کی شدید مذمت کی اور کہا کہ اسرائیلی حملے نے جنگ بندی کی کوششوں کو مشکل میں ڈال دیا ہے-

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔