Sunday, June 29, 2025
spot_img
ہومپاکستانآئندہ ماہ سے آٹا، دال، چاول، چینی پر 18فیصد سیلز ٹیکس عائد ہوگا، چیئرمین ایف بی آر

آئندہ ماہ سے آٹا، دال، چاول، چینی پر 18فیصد سیلز ٹیکس عائد ہوگا، چیئرمین ایف بی آر

اسلام آباد (آئی پی ایس ) چیئرمین ایف بی آر امجد زبیر ٹوانہ نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال سے پروسیسنگ اور پیکڈ آٹا، دال، چاول، چینی اور مصالحوں پر 18فیصد سیلز ٹیکس عائدہوگا۔

چیئرمین کمیٹی سلیم مانڈوی والاکی زیرصدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں چیئرمین ایف بی آر اور نمائندہ انڈسٹری شیخ وقار احمد نے شرکت کی۔قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں مقامی طورپر تیاربچوں کے دودھ پر18فیصد سیلز ٹیکس لگانیکی تجویزپرغور کیا گیا جب کہ اس دوران نمائندہ انڈسٹری شیخ وقار نے کہا کہ سیلز ٹیکس بتدریج بڑھایا جائے، سیلز ٹیکس سے بچوں کے دودھ کی قیمت میں بہت اضافہ ہوجائیگا۔چیئرمین ایف بی آر امجد زبیر نے کہا کہ دودھ کی کمپنیوں نے 2برس کے دوران اپنی مصنوعات کی قیمتیں متعدد باربڑھائیں، دودھ کی کمپنیوں نے صارفین پر مزید بوجھ بڑھایا مگر حکومت کو کچھ دینے کو تیار نہیں، حیران کن ہے ملٹی نیشنل کمپنیوں کے ڈسٹری بیوٹرزبھی ٹیکس نیٹ میں نہیں ہیں، آئندہ مالی سال سے زیرو ریٹنگ مکمل ختم کردی گئی ہے۔چیئرمین ایف بی آر نے مزید کہا کہ درآمدی دودھ مقامی دودھ سے دگنا قیمت پرفروخت ہو رہا ہے، آئندہ مالی سال سے پروسسنگ اور پیکڈ آٹا، دال، چاول، چینی اور مصالحوں پر 18 فیصد سیلز ٹیکس عائدہوگا، اگر ہم 18 فیصد سیلز ٹیکس چھوڑ دیں توکمپنی بھی اپنی قیمت 18 فیصدکم کرے۔

دوسری طرف سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ نے نان فائلرز کے بیرون ملک سفر پر پابندی کی تجویز منظور کرلی۔ نان فائلرز اب بیرون ملک سفر نہیں کرسکیں گے۔چیئرمین ایف بی آر کے مطابق ٹیکس ریٹرن فائل نہ کرنے والوں کیخلاف انکم ٹیکس جنرل آرڈر کے تحت کارروائی ہوگی، حج، عمرہ، چھوٹے بچوں، طلبا اور نائیکوپ رکھنے والے اوورسیز پاکستانیوں کو استثنی ہوگا۔ نان فائلرز کی موبائل سمز، بجلی اور گیس کنکشن بھی منقطع کیئے جائیں گے۔سینیٹر فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ نان فائلرز کے بیرون سفر پر پابندی کا مطلب ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں نام آنا ہی سمجھا جائے، نان فائلرزپر ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح بھی زیادہ ہے، ان کی موبائل سمز اور بزنس بھی بند کیا جا سکتا ہے۔چیئرمین ایف بی آر نے کمیٹی کو بتایا کہ 5 لاکھ نان فائلرز کی فہرست میں سالانہ 20 لاکھ سے زیادہ آمدن والے لوگ ہیں، ماضی یہ لوگ ٹیکس ریٹرن میں اپنی آمدن ظاہر کر چکے ہیں۔ صرف گاڑی، پلاٹ یا گھر خریدنے کیلئے وقتی فائلر بننے والوں کو بھی اضافی ٹیکس دینا ہوگا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔