اسلام آبا(سب نیوز )صدر آصف علی زرداری نے پاکستان میں جاپان کے سفیر مٹسوہیرو واڈا سے ملاقات کی، ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، معیشت، ثقافت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعلقات بڑھانے پر زور دیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے مابین دوطرفہ تعاون کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے، پاکستان ایک بہت بڑی مارکیٹ ہے، جاپانی کاروباری ادارے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرکے معاشی مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں مقیم جاپانی آٹوموبائل کمپنیوں کو پاکستان سے اپنی مصنوعات برآمد کرنے کے لیے پیداوار میں اضافہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جاپانی بینکوں کی بھی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے کہ وہ پاکستان میں اپنا کام شروع کریں۔
اس موقع پر جاپانی سفیر نے کہا کہ پاکستان ایک سٹریٹجک محل وقوع اور بہت بڑی آبادی کا حامل ملک ہے اور جاپانی کمپنیاں ان ممکنہ شعبوں میں دلچسپی رکھتی ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے باہمی فائدے کے لیے موجودہ دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔