کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ دنیا کی تاریخ میں کسی جماعت نے اپنے منشور کیلیے پیپلزپارٹی سے زیادہ قربانیاں نہیں دیں۔
اپنے ایک بیان میں سابق صدر مملکت اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے گزشتہ برسوں میں ہمیشہ عام آدمی کے مسائل کے خاتمے کے لیے کوششیں کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپنے قیام کے آغاز سے ہی بانی و انقلابی رہنما ذوالفقار علی بھٹو کا روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ پی پی پی کی بنیادی اقدار سے جڑا ہوا ہے، جس کی تکمیل کیلئے پارٹی نے ان گنت قربانیاں دی ہیں اور اس کی بنیاد میں شہدا کا خون بھی شامل ہے۔
سابق صدر کا کہنا تھا کہ جدید دنیا کی تاریخ میں کسی جماعت نے اپنے منشور کی تکمیل کے لیے پیپلز پارٹی سے زیادہ قربانیاں نہیں دی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پی پی پی نے مسلسل آگے کیجانب سفر کیا اور اپنے تجربات سے سیکھا ہے، اس طرح ہم ایک نئے جوش اور فرض کے احساس کے ساتھ پاکستانی عوام کی خدمت کے لیے تیار ہیں۔
آصف زرداری نے کہا کہ شفافیت اور گڈ گورننس کو یقینی بنانے کے لیے خوراک، تعلیم اور صحت جیسے اہم محکموں کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن ناگزیر ہے کیونکہ یہ محکمے عام آدمی کی فلاح و بہبود کے لیے ضروری خدمات فراہم کرتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ انسداد ہراسگی قوانین کو مزید مضبوط اور ان پر عملدرآمد یقینی بنانا ہے تا کہ ہمارے معاشرے میں خواتین کو بغیر کسی خوف اور تعصب کے کام کرنے کی اجازت اور موقع میسر ہو سکے، پی پی پی ہمیشہ سے خواتین کے حقوق کی علمبردار رہی ہے اور اسی جماعت نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی صورت میں اسلامی دنیا کو پہلی خاتون وزیر اعظم سے بھی نوازا ہے۔