اسلام آباد(نیوزڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )ترجمان بیرسٹر گوہر علی نے کہا ہےکہ چیئرمین پی ٹی آئی الیکشن لڑسکتے ہیں اور لڑیں گے جب کہ بلے کا نشان ہمارے پاس رہے گا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سزا یافتہ شخص کے انٹرا پارٹی الیکشن میں حصہ لینے سے متعلق بیرسٹرگوہر نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کوکوئی مائنس نہیں کرسکتا، وہ ہمارے چیئرمین تھے، ہیں اور رہیں گے، ایسی کوئی نااہلی نہیں کہ عمران خان الیکشن میں حصہ نہیں لے سکتے، الیکشن ایکٹ کے مطابق آرٹیکل 62 اور 63 کے مطابق نااہل الیکشن نہیں لڑسکتا۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو صرف ایک کیس میں سزا ہوئی جسے ہائیکورٹ نے کالعدم قراردیا، ان کی نااہلی نہیں ہوئی وہ تمام آفسز کیلئے اہل ہیں، چیئرمین کی ہدایات کے مطابق وہ الیکشن لڑسکتے ہیں اور لڑیں گے۔
الیکشن کمیشن کے فیصلے پر پی ٹی آئی ترجمان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے سے بہت افسوس ہوا، کمیشن نے انصاف کے تقاضے پورے نہیں کیے، کسی خاص مقصد کیلئے اس فیصلے میں تاخیر کی گئی۔
انہوں نے کہا بلے کا نشان ہمارے پاس رہے گا، اس آرڈر کو ہم مناسب فورم پر چیلنج کریں گے۔
بلے کا نشان ہمارے پاس رہے گا اور چیئرمین پی ٹی آئی الیکشن لڑینگے: بیرسٹر گوہر
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔