Monday, July 7, 2025
ہومبریکنگ نیوزغزہ میں جنگ بندی سے متعلق اسرائیلی وزیراعظم کا بیان سامنے آگیا

غزہ میں جنگ بندی سے متعلق اسرائیلی وزیراعظم کا بیان سامنے آگیا

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ قیدیوں کی جلد رہائی سے متعلق کوئی ڈیل نہیں کی گئی ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق نیتن یاہو نے کہا ہے کہ یرغمالیوں کی رہائی کے بارے میں بہت ساری غلط اطلاعات ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم کے بیان کے کچھ گھنٹے بعد امریکی میڈیا نے معاہدہ طے پانے کی رپورٹ دی جس میں کہا گیا کہ اسرائیل اور حماس امریکی ڈیل پر رضامند ہیں۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ فریقین نے جنگ میں وقفے اور یرغمالیوں کی رہائی پر اتفاق کیا ہے۔
اسرائیلی اخبار ’یدیعوت احرونوت‘ کے مطابق وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کی حکومت نے قطری ثالثوں کو حماس کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کو مکمل کرنے سے انکار سے آگاہ کیا جس کے تحت 50 اسرائیلی قیدیوں کو رہا کیا جائے گا۔
اخبار نے رپورٹ کیا کہ اسرائیل قید میں رکھے گئے خاندانوں کو الگ نہ کرنے اور تمام بچوں اور ماؤں کو رہا کرنے کے لیے پرعزم ہے، جب کہ حماس نے 50 قیدیوں کو بغیر درجہ بندی کے رہا کرنے یا اسرائیل کو ناموں کے انتخاب کی آزادی دینے کی پیشکش کی ہے۔
اخبار کے مطابق اسرائیل نے “مزید مغویوں کی رہائی کی اجازت دینے کے لیے جنگ بندی کے دنوں کی مدت کے حوالے سے لچکدار رہنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔” انہوں نے یہ عندیہ بھی دیا کہ اسرائیل ایک معاہدے تک پہنچنے کے لیے تیار ہے جس کے تحت کم از کم 70 سے 80 اسرائیلی قیدیوں کو رہا کیا جائے گا۔
یہ بھی بتایا گیا کہ اسرائیلی جنگی کونسل نے تبادلے کے معاہدے کو مجوزہ طور پر مسترد کرنے کا فیصلہ کیا، کیونکہ نیتن یاہو نے وزیر دفاع یوآو گیلنٹ کے موقف سے اتفاق کیا۔ چیف آف اسٹاف ہرزی ہیلیوی اور شن بیٹ کے سربراہ رونن بار نے بھی حماس کے ساتھ قیدیوں کی مجوزہ ڈیل مسترد کردی تھی۔
جنگی کونسل نے “حماس پر فوجی دباؤ میں اضافہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا اور کہاکہ اس سے معاہدے تک پہنچنے کے امکانات بڑھ جائیں گے۔”
انہوں نے کہا کہ غزہ میں حماس کے رہ نما یحییٰ سنوار اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ “جب تک اسرائیلی فوج الشفا ہسپتال میں کام کرتی ہے وہ اسرائیل کے ساتھ مذاکرات نہیں کر سکتے”۔
دوسری جانب وسطی اور جنوبی غزہ میں اسرائیلی بمباری میں 15 فلسطینی شہید ہوگئے۔
فلسطینی میڈیا کے مطابق نصیرات کیمپ پر اسرائیلی حملے میں13 افراد جبکہ خان یونس میں ایک خاتون اور ایک بچہ شہید ہوا۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ پر جاری اسرائیلی بمباری میں اب تک 12 ہزار 300 سے زائد فلسطینی شہید اور 25 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق شہداء اور زخمیوں میں زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔