لاہور:پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے پیشِ نظر انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے مختلف تجاویز پر بھی مفصل غور کیا گیا۔ انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کی چیئرمین عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں مرکزی سطح سے مقامی سطح تک تمام تنظیمی ڈھانچوں اور کارکنان کو متحرک کردیا گیا ہے۔
تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے کہا کہ کارکن انتخابات میں شرکت کے لیے تیاریوں کا باضابطہ آغاز کریں، انتخابات میں بے مثال عوامی تائید اور اللہ کے فضل سے دوتہائی اکثریت اور حقیقی آزادی ہماری منتظر ہے، عمران خان بطور منتخب وزیراعظم ان شا اللہ ملک کی بھاگ دوڑ سنبھالیں گے اور پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی ان راہوں پر گامزن کریں گے جن سے اسے سازش اور عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈال کر ہٹایا گیا تھا۔
پی ٹی آئی کور کمیٹی کی جانب سے صحافتی اقدار، اخلاقیات اور پیشہ وارانہ دیانت کے اصولوں سے انحراف کے ذریعے ماورائے آئین و قانون اقدامات میں ریاستی مشینری کی قابلِ مذمت معاونت پر 4 اینکرز کے احتجاجا بائیکاٹ کے فیصلے کا اعادہ کیا گیا۔ کور کمیٹی نے ان 4 اینکرز کے علاوہ کسی ٹی وی چینل کے مِن حیث الادارہ بائیکاٹ نہ کرنے کی پالیسی کا بھی اعادہ کیا ہے۔