Sunday, June 29, 2025
spot_img
ہومپنجابڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب کے اختیارات کم کرنے کی تیاری،ترامیم کا مسودہ تیار

ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب کے اختیارات کم کرنے کی تیاری،ترامیم کا مسودہ تیار

لاہور:ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب کے اختیارات کم کرنے کی تیاری،نگران کابینہ پنجاب کی منظوری کے بعد آرڈینینس جاری کرنے کیلئے سمری گورنر کو بھجوا دی گئی۔ذرائع کے مطابق مجوزہ ترامیم میں مقدمہ درج کرنے سے قبل ڈائریکٹر جنرل ملزمان کیخلاف چیف سیکرٹری کو ریفرنس بھجوائے گا ۔ریفرنس پر چیف سیکرٹری پنجاب مزید تحقیقات کے لئے تین رکنی کمیٹی بنائے گا جو 15 دن میں اپنی سفارشات چیف سیکرٹری پنجاب کو دے گی جس پر وہ فیصلہ کریں گے کہ مقدمہ درج کرنا ہے یا نہیں۔

کرپشن و اختیارات کے ناجائز استعمال پر سرکاری افسر کے خلاف ابتدائی انکوائری پر ڈپٹی ڈائریکٹر یہ فیصلہ کرے گا کہ اس پر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے یا محکمانہ انکوائری و ایکشن کے لئے متعلقہ محلے کو بھجوائی جائے۔کسی ڈپٹی کمشنر، کمشنر، محکمے کے انتظامی سیکرٹری اور ذیلی ادارے کے سربراہ جو گریڈ 20 یا اس سے اوپر کا ہوگا تو اس کے خلاف مقدمہ درج کرنے یا متعلقہ فورم پر انکوائری کے لئے بھیجوانے کا فیصلہ ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن کرے گا۔گریڈ ایک سے 16 کے ملازمین کے خلاف کرپشن کے الزامات پر مقدمہ درج کرنے کے لئے اپوائنٹنگ اتھارٹی سے اجازت لینا لازم ہوگا۔

گریڈ 17 کے افسر کے خلاف کرپشن و اختیارات کے ناجائز استعمال پر مقدمہ درج کرنے کے لئے متعلقہ محکمے کے انتظامی سیکرٹری سے اجازت لینا لازم ہوگا۔گریڈ 18 اور 19 کے افسران کے خلاف کرپشن و اختیارات کے ناجائز پر مقدمہ درج کرنے کے لئے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کو چیف سیکرٹری پنجاب سے اجازت لینا لازم ہو گا۔ماضی میں ڈائریکٹر جنرل انٹی کرپشن خود ہی مقدمہ درج کرنے کی اجازت دیتے تھے۔کسی بھی سرکاری افسر کو مقدمہ درج ہونے کے بعد بلا اجازت مجاز اتھارٹی گرفتار نہیں کیا جائیگا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔