اسلام آباد(سب نیوز) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف)نے ٹیکس وصولیوں کے بارے میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کردیا۔
پاکستان نے آئی ایم ایف پر واضح کیا ہے کہ نگران حکومت کوئی نیا ٹیکس عائد نہیں کرسکتی ہے ۔ ایف بی آر کوئی نیا ٹیکس لگائے بغیر رواں مالی سال کیلئے مقرر کردہ ٹیکس وصولیوں کا ہدف حاصل کرلے گا۔
وزارت خزانہ کے مطابق ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس وصولیوں کا ہدف قبل ازوقت حاصل کرنے کے بعد آئی ایم ایف حکام کے ساتھ آن لائن اجلاس ہوا ہے جس میں روینیو سے متعلق ڈیٹا شیئرنگ کی گئی ہے اور رواں مالی سال کی پہلی سہہ ماہی کے دوران حاصل ہونیوالی ٹیکس وصولیوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا ہے۔
اگلے چندروز تک ٹیکس وصولیوں کے حتمی اعدادوشمار موصول ہونے پر ستمبر میں ہونیوالی ٹیکس وصولیاں مقررہ ہدف سے تجاوز کرجائیں گی جبکہ رواں مالی سال 2023-24کی پہلی سہہ ماہی(جولائی تا ستمبر)کے دوران فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے حاصل کردہ عبوری خالص ٹیکس وصولیاں2002 ارب روپے سے تجاوز کرگئی ہیں جو کہ پہلی سہہ ماہی کیلئے مقرر کردہ ہدف سے زیادہ ہیں۔
ایف بی آر کو گزشتہ رات گئے تک موصول ہونے والی ٹیکس وصولیوں کے عبوری اعدادوشمار کے مطابق ایف بی آر نے ستمبر میں سات سو پچانوے ارب روپے سے زائد کی ٹیکس وصولیاں کی ہیں۔
آئی ایم ایف کا ٹیکس وصولیوں میں ایف بی آر کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔