Thursday, December 12, 2024
ہومبریکنگ نیوزخاور مانیکا کے جسمانی ریمانڈ کیخلاف درخواست بغیر کارروائی کے ملتوی

خاور مانیکا کے جسمانی ریمانڈ کیخلاف درخواست بغیر کارروائی کے ملتوی

لاہور(سب نیوز)بشریٰ بی بی کے سابقہ شوہر خاور مانیکا کے جسمانی ریمانڈ کے 8 روزہ خلاف درخواست بغیر کارروائی کے ملتوی کردی گئی۔

اوکاڑہ کی مقامی عدالت کے جج نعیم شوکت کے چھٹی پر ہونے کے باعث سماعت ملتوی کی گئی اور درخواست 2 اکتوبر کودوبارہ سماعت کے لئے مقرر کردیا گیا۔

واضح رہے کہ خاور مانیکا نے 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کو عدالت میں چیلنج کر رکھا ہے، وہ جسمانی ریمانڈ پر اینٹی کرپشن پنجاب کی حراست میں ہیں۔

قبل ازیں، اوکاڑہ کی مقامی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خاور مانیکا کا کہنا تھا کہ قبرستان کی جگہ شادی ہال بنانے کی خبر بے بنیاد ہے، تاہم دکانیں ہماری ہیں۔

خاور مانیکا کو ناجائز تعمیرات کے الزام میں لاہور ائیر پورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ خاور فرید مانیکا کے خلاف ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ نے اینٹی کرپشن میں رواں سال جون میں ایک فوجداری ریفرنس دائر کیا گیا تھا۔

ریفرنس میں کہا گیا تھا کہ خاور فرید مانیکا وغیرہ نے محکمہ اوقاف کی زمین پر ناجائز قبضہ کیا ہوا ہے اور اس پر شادی ہال اور دکانیں تعمیر کی ہوئی ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔