Saturday, October 19, 2024
ہومتازہ ترینتوشہ خانہ کیس: چیئرمین پی ٹی آئی پر الزام ثابت، 3 سال قید کی سزا اور 5 سال کے لیے نا اہل

توشہ خانہ کیس: چیئرمین پی ٹی آئی پر الزام ثابت، 3 سال قید کی سزا اور 5 سال کے لیے نا اہل

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)توشہ خانہ کیس میں اسلام آباد سیشن کورٹ کے جج ہمایوں دلاور نے محفوظ فیصلہ سنا دیا، سیشن کورٹ نے عمران خان پر توشہ خانہ کا جرم ثابت ہونے پر 3 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی اور وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیے گئے، ساتھ ہی عمران خان کو کسی بھی عوامی عہدے کے لیے 5 سال کے لیے نا اہل بھی کر دیا گیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا توشہ خانہ کیس کے قابل سماعت ہونے کااعتراض بھی مسترد کیا گیا ہے۔
اس سے پہلے جج ہمایوں دلاور نے آرڈر جاری کیے تھے کہ 12:30 بجے تک ملزم یا اس کے وکلاء نہ آئے تو فیصلہ سنا دیا جائے گا۔
آج صبح جب سیشن عدالت میں توشہ خانہ کیس کی کارروائی شروع ہوئی، تو چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان پیش ہوئے نہ ہی ان کی جانب سے کوئی وکیل پیش ہوا جس پر عدالت نے سماعت میں وقفہ کر دیا گیا۔
تاہم چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف توشہ خانہ فوجداری کارروائی سے متعلق کیس میں وقفہ کے بعد سماعت کا دوبارہ آغاز کیا گیا، چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے معاون وکیل خالد چوہدری عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔
معاون وکیل خالد چوہدری نے کہاکہ سینئر کونسل نیب کورٹ میں ہیں کچھ ٹائم دیا جائے۔
وکیل الیکشن کمیشن نے کہاکہ ٹائم دینے کا کوئی ایشو نہیں لیکن ملزم کو بھی آج کی حاضری کا کہا گیا تھا۔
جج ہمایوں دلاور نے استفسار کیاکہ آپ کا اس کیس میں وکالت نامہ ہے؟ جس پر وکیل خالد چوہدری نے کہاکہ میرا وکالت نامہ نہیں اس کیس میں لیکن بیرسٹر گوہر کا جونیئر ہوں۔
جج ہمایوں دلاور نے پوچھا کہ نیب کورٹ میں کون سا کیس ہے جس میں مصروف ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی اور بشرٰی بی بی کی ضمانت کی درخواست لگی ہے نیب کورٹ میں، جیسے فری ہوں گے فوری عدالت پیش ہو جائیں گے۔
جس پر وکیل الیکشن کمیشن امجد پرویز نے کہاکہ میرے علم میں آیا ہے کہ نیب میں ضمانت کی درخواست 2:30 بجے لگی ہوئی ہیں۔
جج ہمایوں دلاورنے کہاکہ اگر خواجہ حارث پیش نہیں ہوتے تو کیا صورتحال ہوگی؟ گزشتہ روز کے آرڈر میں پیشی کی واضح ہدایات تھیں، ایسی صورتحال میں تو ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جاتے ہیں۔
اس سے قبل سماعت کے آغاز میں جج ہمایوں دلاور نے سوال کیا کہ کیا کوئی پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل آیا ہے؟ جج ہمایوں دلاور کی جانب سے توشہ خانہ کیس متعدد بارکال بھی کیا گیا۔
سیشن عدالت کے جج ہمایوں دلاور نے وکیل امجد پرویز ملک سے استفسار کیاکہ کیا آپ کچھ کہیں گے؟ جج ہمایوں دلاور نے کہا کہ کوئی شعر و شاعری ہی سنا دیں۔
وکیل امجد پرویز نے کہاکہ شاعری کرتے ہوئے کہاکہ ’وہ ملا توصدیوں بعد بھی میرے لب پہ کوئی گلہ نہ تھا، اسے میری چپ نے رلا دیا جسے گفتگو میں کمال تھا۔‘
کمرہ عدالت میں وکیل امجد پرویز کے شعر پر واہ واہ ہو گئی سب نے شعر پر خوب داد دی۔
اس کے بعد جج ہمایوں دلاور نے اوپن کورٹ میں اب تک کی سماعت کی کارروائی لکھوا دی۔ انہوں سماعت تحریر کراتے ہوئے کہاکہ چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے کوئی وکیل دوسری کال پر بھی عدالت پیش نہ ہوا۔
جج ہمایوں دلاور نے دوسری بار سماعت کے دوران پی ٹی آئی وکلاء کی غیرحاضری درج کرائی۔
وکیل الیکشن کمیشن امجد پرویز ملک نے کہاکہ کچھ مزید وقت دے دیں، جس پر جج ہمایوں دلاور نے یہ کہتے ہوئے کہ فیئر ٹرائل کے لیے ایک اور موقع دے دیتے ہیں، سماعت کچھ دیر کے لیے ملتوی کردی۔
عدالت کے باہر سیکیورٹی کی صورت حال
اسلام آباد کچہری میں عمران خان کی پیشی کے موقع پر کچہری کے باہر ضلع پولیس، رینجرز،ایف سی کی بھاری نفری تعینات کر دی، کچہری کے باہر ایک اے پی وی وین بھی موجود ہے، عدالتوں کے باہراضافی خار دار تاریں بھی لگا دی گئی ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔