Monday, June 30, 2025
spot_img
ہوماسلام آبادبے حس حکمرانوں نے اقتدارکی خاطرعوام کو مصیبت میں ڈال رکھا ہے: کاشف چوہدری

بے حس حکمرانوں نے اقتدارکی خاطرعوام کو مصیبت میں ڈال رکھا ہے: کاشف چوہدری

اسلام آباد(سب نیوز )صدر، مرکزی تنظیم تاجران پاکستان محمد کاشف چوہدری نے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں اضافے پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ بے حس حکمرانوں نے اپنے اقتدارکی ہوس کی خاطر چوبیس کروڑ سے زائد پاکستانیوں کی زندگیاں اجیرن بنا دی ہے ، نظام حکومت چلانے کی خاطرپاکستانیوں کو آئی ایم ایف کا غلام بنا دیا گیا ہے جبکہ فیصلے کٹھ پتلی حکمرانوں کے بجائے آئی ایم ایف کر رہا ہے اور حکمران بھی آئی ایم ایف کی بجا آوری کیلئے اپنے عوام پر ظلم و ستم ڈھا رہے ہیں ۔

گزشتہ روز جاری ایک بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے جی نائن میں تاجر وں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا اس موقع پر راجہ جاوید اقبال بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے چوتھے یوم تاسیس کا کیک بھی کاٹا گیا۔محمد کاشف چوہدری نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ایما پر بجلی کی فی یونٹ قیمت میں پانچ روپے اضافے سے گھریلو صارفین کو فی یونٹ پچاس روپے میں مل رہی ہے اسی طرح کمرشل یونٹس میں بھی مزید اضافہ کر دیا گیا ایسی صورتحال میں مہنگی کی لہر میں مزید اضافہ ہو جائیگا جس سے متوسط طبقے سمیت تاجر شدید متاثر ہونگے اور اشیا خورو نوش سمیت ہر چیز مہنگی ہو جائیگی ،صنعتوںکی پیداوار متاثر ہونے سے پیداواری لاگت پر اثر پڑے گا اور جس طرح آئی ایم ایف کے سامنے حکومت نے گھٹنے ٹیک دئیے ہیں

اس سے مستقبل قریب میں آئی ایم ایف مزید ایسی ڈیمانڈ کرے گا جسے مان کر حکمراں ،عوام کو زندہ درگور کر دیں گے جبکہ کاروباری حضرات اپنے کاروبار بند کرنے پر مجبور ہو جائیں گے ۔انہوںنے واپڈا اور حکومت نااہلی کی جانب توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ حکومت اپنے شاہانہ اور حکمرانہ طرز حکومت کو ترک کرنے کو تیار نہیں ، پروٹوکول سمیت دیگر لگثرری اسائیشوں کی وجہ سے حکمراں نکمے ہو چکے ہیں اور اپنے طرز حکومت کو بدلنے کیلئے تیار نہیں ہے ، حکومت کو بجلی کے ترسیلی نظام کو اپ گریڈ کرنے اور لائن لاسز کو کنٹرول کرنے پر توجہ دینی چاہئیے جو وہ کرنے کو تیار نہیں ہے جبکہ اس قوم کے ساتھ سب سے بڑا ظلم یہ ہو رہا ہے کہ لاکھوں سرکاری ملازمین کو سالانہ کروڑوں یونٹس مفت بجلی دیکر اس کا بوجھ غریب عوام پر ڈال دیا جاتا ہے

ایک اندازے کے مطابق 1لاکھ 89ہزارسے زائد سرکاری ملازمین مفت بجلی کی سہولت استعمال کر رہے ہیں اور سالانہ انہیں 34کروڑ سے زائد بجلی کی مفت یونٹس دی جاتی ہیں جو ملک بھرکے عوام کے ساتھ بہت بڑی زیادتی ہے اور اس کا سارا بوجھ کروڑوں پاکستانی برداشت کرتے ہیں ۔ان کا کہنا تھا ایک طرف بجلی کی قیمت میں اضافہ کیا گیا تو دوسرے جانب سنگل فیز میٹر کی فیس چارہزار سے بڑھا کر سات ہزار چار سو روپے اور تھری فیز میٹر کی پندرہ ہزار سے بڑھا کر 33ہزار 5سو روپے کر دی گئی ہے یہی نہیں بلکہ ان نا اہل حکمرانوں نے اپنے کمیشن اور فائدے کیلئے آئی پی پیز کے ساتھ بجلی کے مہنگے معاہدے کیے اور یہ بجلی پیدا کریں یا نہ کریں حکومت نے عوام کا خون نچوڑ کر انہیں ادائیگیاں ہر صورت کرنی ہوتی ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کے ساتھ کیے گئے معاہدوں کا از سر نو جائزہ لیکر عوام پر رحم کرنا چاہئیے ،انہوںنے بجلی کی قیمت میں اضافہ کو مسترد کرتے ہوئے خبر دار کیا کہ اگر حکومت نے آئی ایم ایف کے ایما پر بجلی کی قیمت میں کیے گئے اضافے کو واپس نہ کیا تو ہم ملک بھر احتجاجی تحریکشروعکریںگے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔