اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف چھوڑنے والے سینئر سیاستدانوں اور مسلم لیگ ن میں رابطوں کا انکشاف ہوا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے سابق سینئر رہنما پرویز خٹک کے مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت سے بیک ڈور رابطے ہیں اور مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت نے پنجاب کے علاوہ دیگر صوبوں سے پی ٹی آئی کی سابقہ قیادت کی پارٹی میں شمولیت کے لیے گرین سگنل دے دیا ہے۔
معاملات طے پانے کی صورت میں تحریک انصاف کے سابق رہنما پرویزخٹک وزیراعظم شہبازشریف کی موجودگی میں ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) نے شوکاز نوٹس کا جواب نہ دینے پر اپنے خیبر پختونخوا کے سابق صدر پرویز خٹک کی پارٹی کی بنیادی رکنیت ختم کر دی۔
پرویز خٹک سے اراکین کو پارٹی چھوڑنے کے لیے ’اکسانے‘ کے حوالے سے وضاحت طلب کرتے ہوئے شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا۔ ترجمان کے مطابق پرویز خٹک نے پارٹی ممبران سے رابطے اور انہیں پارٹی چھوڑنے پر اکسانے کے حوالے سے جاری کیے گئے نوٹس کا مقررہ وقت کے اندر تسلی بخش جواب فراہم نہیں کیا۔
پرویزخٹک کے مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت سے رابطوں کا انکشاف
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔