Wednesday, December 4, 2024
ہومبریکنگ نیوزپاکستان میں امریکی کمپنیوں کی کامیابی ملکی کاروباری صلاحیت کی آئینہ دار ہے،مسعودخان

پاکستان میں امریکی کمپنیوں کی کامیابی ملکی کاروباری صلاحیت کی آئینہ دار ہے،مسعودخان


پیپسیکو پاکستان میں سالانہ 80-90 ملین ڈالر کی سرمایہ کر رہا ہے
واشنگٹن:
امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں 80 سے زائد امریکی ملٹٰی نیشنل کارپوریشنز کے منافع بخش کاروبار دیگر سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کے لئے نہ صرف ملکی 24 کروڑ آبادی سے فائدہ اٹھانے کے لئے باعث ترغیب ہونا چاہیے بلکہ وہ ملک کے تذویراتی محل وقوع کو وسطی و مغربی ایشیا، مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کی مارکیٹ تک رسائی کے لئے برؤے کار لا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کا بڑا متوسط طبقہ اور ترقی پذیر معیشت کی بڑھتی ہوئی ضروریات نے کاروباری برادری کے لیے نئے کاروبار کے قیام اور موجودہ کاروباری سرگرمیوں کو وسعت دینے کے لئے بے انتہاء مواقع پیدا کر دیے ہیں۔ موجود ضروریات اور طلب کو پورا کر کے کاروباری برادری منافع بخش کاروباری سرگرمیوں سے فائدہ اٹھا سکتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار سفیر پاکستان مسعود خان نے آج یہاں سفارتخانہ پاکستان میں پیپسیکو کے سینئر ایگزیکیٹوز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
پیپسی کو کے سینئر ڈائریکٹرز محمد کھوسہ اور کیرولین برسن نے مشروبات اور خوراک کے شعبے میں پاکستان میں کمپنی کی کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی افغانستان جیسے علاقائی ممالک کو اپنی تیار کردہ مصنوعات کی برآمدات کے لئے پاکستان کو بطور مرکز برؤے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تیار شدہ مصنوعات قطر، ملائیشیا اور فلپائن کو بھی برآمد کی جا رہی ہیں۔
محمد کھوسہ نے بتایا کہ پیپسی کو پاکستان میں ہر سال 80 سے 90 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے۔ انہوں نے پاکستان میں پیپسی کو کی سرمایہ کاری کو مزید بڑھانے اور متنوع بنانے کی یقین دہانی کرائی۔
سفیر پاکستان مسعود خان نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ میں کاروباری برادری کی کامیابیوں کو دکھانے کے لیے اسٹیک ہولڈرز کے درمیان بہتر ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ روڈ شوز کا انعقاد اور کاروباری وفود کے تبادلوں میں اضافہ بہتر روابط اور کاروباری نیٹ ورکس کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ کاروباری برادریوں کو موجود مواقع تلاش کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔
نیو یارک، واشنگٹن ڈی سی، ہیوسٹن، شکاگو اور لاس اینجلس جیسے بڑے امریکی شہروں میں روڈ شوز کے انعقاد کی تجویز پر بات کرتے ہوئے مسعود خان نے پاکستان میں کاروبار کرنے والی امریکی کمپنیوں، امریکن بزنس فورم، امریکن بزنس کونسل اور یو ایس پاکستان بزنس چیمبرکے درمیان بہتر تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے امریکہ میں پاکستانی مشنز کی طرف سے ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
پیسی کو کے ایگزیکیٹوز کی جانب سے امریکہ میں روڈ شوز اور نمائشوں کے انعقاد میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا گیا اور دیگر کاروباری اداروں اور تنظیموں کے ساتھ رابطہ قائم کرکے ایسی سرگرمیوں کے انعقاد پر غور کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔