لاہور(سب نیوز ) محکمہ داخلہ پنجاب نے دفعہ 144 کے تحت صوبے بھر میں30 دن کے لیے پتنگ بازی پر پابندی عائدکردی۔
محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پتنگ بازی کے علاوہ، پتنگوں کی تیاری سے متعلق مٹیریل،پتنگوں اور ڈور کی تیاری اور خریدوفروخت پر بھی مکمل پابندی کر دی گئی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر میں یہ پابندی30 دن تک نافذالعمل رہے گی، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے پتنگ بازوں، ون ویلرز اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاون کا حکم دے دیا۔ڈی آئی جی افضال احمد نے ہدایت کی ہے کہ پولیس افسران اہم شاہراہوں پر ون ویلنگ میں ملوث افراد کو پکڑیں۔ان کا مزید کہنا ہے کہ پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ جیسے واقعات کا سدباب کیا جائے گا۔افضال احمد نے یہ بھی کہا ہے کہ پتنگ بازی، ہوائی فائرنگ اور ون ویلنگ خطرناک حادثات کا سبب بنتے ہیں۔