Saturday, March 15, 2025
ہوماسلام آبادآئی سی سی آئی کے وفد کی ڈی آئی جی آپریشنز شہزاد ندیم سے ملاقات

آئی سی سی آئی کے وفد کی ڈی آئی جی آپریشنز شہزاد ندیم سے ملاقات

اسلام آباد(سب نیوز )اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں ایک وفد نے اسلام آباد پولیس کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آپریشنز سید شہزاد ندیم بخاری کے ساتھ ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر ان کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ ایف نائن پارک میں خاتون کے ساتھ زیادتی کرنے والے مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے اسلام آباد پولیس کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کیونکہ اس سے خواتین میں بہتر تحفظ کا احساس پیدا ہو گا اور وہ اعتماد کے ساتھ مارکیٹوں اور پارکوں میں جا سکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو ہراساں کرنے والے عناصر کے ساتھ سختی کے ساتھ نمٹنا ضروری ہے تا کہ خواتین بلا خوف گھروں سے باہر نکل کر معیشت اور معاشرے کی ترقی میں اپنا فعال کردار ادا کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی مارکیٹ ایسوسی ایشنوں کے ساتھ مل کر اسلام آباد کی اہم مارکیٹوں میں سیکورٹی کیمرے لگانے کیلئے کوشاں ہے تا کہ مارکیٹوں میں جرائم کا خاتمہ کیا جائے جس سے تجارتی سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا۔انہوں نے شہر اور وتجارتی مراکز میں سیکیورٹی کی صورتحال کو مزید بہتر کرنے کیلئے ڈی آئی جی آپریشنز کو مختلف تجاویز دیں اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ وفاقی دارالحکومت میں جرائم پر قاپو پانے کی کوششوں میں تاجر برادری پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔انہوں نے ڈی آئی جی آپریشنز کو چیمبر اور مختلف مارکیٹوں کا دورہ کرنے کی دعوت دی جس کو سیدشہزاد ندیم بخاری نے قبول کیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز سید شہزاد ندیم بخاری نے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری معیشت کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر کے ملک و قوم کی اہم خدمت کر رہی ہے لہذا اسلام آباد پولیس ہمہ وقت ان کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر کے تعاون سے مارکیٹوں اور صنعتی علاقوں میں سیکورٹی کومزید بہتر کرنے کی کوشش کریں گے۔ ایف نائن پارک کے واقعہ کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواتین کو ہراساں کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور پولیس پوری قوت کے ساتھ معاشرے کا امن خراب کرنے والوں کی سرکوبی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کو ایک ماڈل پولیس بنانا ہمارا مشن ہے اور اس مقصد کیلئے پولیس کو کالی بھیڑوں سے پاک کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو جرائم سے پاک شہر بنانے کیلئے تاجر برادری سمیت شہریوں کا تعاون ضروری ہے لہذا پولیس ان کے تعاون سے اس جانب پیش رفت کرے گی۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے صنعتی علاقوں میں سیکیورٹی کے انتظامات کو بہتر کرنے کیلئے اپنی تجاویز ڈی آئی جی آپریشنز کے ساتھ شیئر کیں اور اس امید کا اظہار کیا کہ ان پر عمل درآمد کر نے کی کوشش کی جائے گی جس سے صنعتی سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا۔ چیمبر کے سابق صدر ظفر بختاوری، جناح سپر مارکیٹ کے صدر اسد عزیز، جی نائن مرکز کراچی کمپنی کے صدر راجہ جاوید اقبال، مقصود تابش، شیخ محمد اعجاز، اختر حسین،، خالد چوہدری، سیف الرحمن خان اور دیگر وفد میں شامل تھے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔