اسلام آباد ایف نائن پارک میں خاتون کے ساتھ جنسی زیادتی کے مبینہ ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ مارگلہ کے ایس ایچ او نعیم الحسن نے دعوی کیا کہ پولیس نے جنسی زیادتی میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا، ملزمان کو تھانہ گولڑہ کی حدود سے گرفتار کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق ملزمان نے اقبال جرم بھی کر لیا، ملزمان نے اسلح کے زور پر حوا کی بیٹی کو جنسی ہوس کا نشانہ بنایا تھا، واقعے کا مقدمہ تھانہ مارگلہ میں درج کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔
خیال رہے کہ 4 فروری کو وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر ایف نائن پارک میں مسلح ملزمان نے لڑکی کو اسلحے کے زور پر اغوا کے بعد اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا تھا۔ فاطمہ جناح پاک میں دوست کے ساتھ آئی لڑکی کو دو مسلح ملزمان نے لڑکے کے ساتھ اغوا کیا اور انہیں تشدد کا نشانہ بھی بنایا بعد ازاں ملزمان لڑکی کو اسلحے کے زور پر جنگل میں لے گئے جہاں انہوں نے خاتون کو مبینہ طورپر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔