Thursday, November 7, 2024
ہومپاکستانکراچی: امریکی سفیر کی نیول چیف سے ملاقات، بحری مشقوں کا دورہ

کراچی: امریکی سفیر کی نیول چیف سے ملاقات، بحری مشقوں کا دورہ

کراچی:امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے دورہ کراچی میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل امجد نیازی سے ملاقات کی، انہوں نے بحیرہ عرب میں ہونے والی امن 2023 بحری مشقوں کا جائزہ بھی لیا۔بحری مشقوں میں امریکی سفیر کی شرکت کا مقصد خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان اور امریکا کے درمیان تعاون سمیت مشترکہ سوچ کو فروغ دینا ہے۔

دورہ کراچی کے موقع پر امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی وزیراعلی سندھ، کمانڈر پاکستان فلیٹ (COMPAK) اور چیف آف نیول اسٹاف سے ملاقاتیں بھی ہوئیں۔اس موقع پر سفیر ڈونلڈ بلوم نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امن 2023 میں بحری افواج کی مشقوں کا مشاہدہ کرکے بیحد خوشی ہوئی، اس اقدام سے پرامن، مستحکم اور خوشحال پاکستان کیلئے جاری کاوشوں کو تقویت ملی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا سمندری حدود کی سیکیورٹی کو مزید مستحکم بنانے کیلئے پاک بحریہ کے ساتھ تعاون بڑھانے کیلئے پرعزم ہے تاکہ بین الاقوامی پانیوں میں آزاد جہاز رانی اور معاشی سرگرمیوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ گزشتہ اکتوبر میں پاک بحریہ، پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی اور امریکی نیوی (NAVCENT) کی جانب سے مشترکہ سمندری پیٹرولنگ کی گئی جو مستقبل میں ہماری مشترکہ کاوشوں کا مظہر ہے۔

امن 2023 اور پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس (PIMEC) کا انعقاد ایک ساتھ ہی ہوا جس نے سمندر سے جڑی بلیو اکانومی سے وابسطہ بحری تجارتی سرگرمیوں کو بڑھانے کیلئے میزبان کا کردار ادا کیا۔ امن 2023 دو اہم سرگرمیوں پر مشتمل تھی، اول بین الاقوامی میری ٹائم کانفرنس(IMC)، جس کے دوران سمندری سیکیورٹی اور تجارتی امور پر سیر حاصل مباحثے ہوئے۔ دوم امن 2023 کے نام سے کثیرالجہتی سمندری مشقوں کا انعقاد کیا گیا۔

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کراچی میں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقات میں امریکا پاکستان تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا جبکہ باہمی ترجیحات کے تبادلے کے ساتھ ایسے مواقع زیر بحث آئے جن کے ذریعے دونوں ممالک میں معاشی شراکت داری کو وسیع تر بنایا جا سکے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔