ا سلام آباد(سب نیوز)عدالت سینئر سپیشل مجسٹریٹ سی ڈی اے سردار محمد آصف نے سابق ترجمان کے پی کے حکومت بیرسٹر محمد علی سیف کے خلاف مارگلہ پہاڑیوں کی توڑ پھوڑ کے الزام میں فرد جرم عائد کر دی۔عدالت نے استغاثہ کو ہدایت کی کہ وہ اگلی پیشی پر ملزم کے خلاف شہادتیں پیش کریں۔
تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز سینئر سپیشل مجسٹریٹ سردار محمد آصف نے کے پی کے حکومت کے سابق ترجمان و پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر محمد علی سیف کے خلاف فرد جرم عائد کرتے ہوئے استغاثہ کو ہدایت کی کہ وہ شہادتیں پیش کرے تا کہ مقدمے کو جلد نمٹایا جا سکے۔ملزم کی طرف سے وکیل عارف خان عدالت میں پیش ہوئے اور کورٹ سے استدعا کی کہ استغاثہ کو پابند کیا جائے کہ وہ شہادتیں پیش کریںتا کہ ہم معزز عدالت کو اپنا موقف پیش کر سکیںجبکہ استغاثہ اسٹیٹ کی طرف سے حسنین حیدر تھہیم ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور کورٹ کو یقین دہانی کروائی کہ ملزم پر فرد جرم عائد ہو گئی ہے اور آئندہ پیشی پر شہادتیں پیش کریں گے۔
یاد رہے کہ ملزم بیرسٹر محمد علی سیف کے خلاف سی ڈی اے کے شعبہ انوائرنمنٹ نے مارگلہ پہاڑیوں کی توڑ پھوڑ کی بابت مقدمہ عدالت سینئر سپیشل مجسٹریٹ سی ڈی اے اسلام آباد میں دائر کیا تھا۔