Saturday, July 27, 2024
ہومپاکستانلکی مروت میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 11دہشتگرد ہلاک ہو گئے

لکی مروت میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 11دہشتگرد ہلاک ہو گئے

راولپنڈی (آئی پی ایس )لکی مروت میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 11 دہشتگرد ہلاک ہوگئے، لکی مروت میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا، دہشتگردوں کے کئی ٹھکانے تباہ کردیئے۔

تفصیلات کے مطابق پاک فوج نے نو جون کو لکی مروت میں ہوئے دیسی ساختہ بم دھماکے میں کیپٹن سمیت فوج کے سات اہلکاروں کی شہادت پر جوابی کارروائی کرتے ہوئے 11 دہشتگرد ہلاک کردئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نو جون بروز اتوار، خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پاک فوج کی گاڑی کو ایک آئی ای ڈی سے نشانہ بنایا گیا اور اس کے بعد فائرنگ کی گئی، حملے میں کیپٹن محمد فراز الیاس اور صوبیدار میجر محمد نذیر سمیت سات بہادر سپاہیوں کی جانیں گئیں۔

بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 10 اور 11 جون 2024 کی رات ضلع لکی مروت میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن شروع کیا تاکہ اس گھنانے فعل کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جاسکے۔آپریشن کے دوران فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا موثر انداز میں سراغ لگایا جس کے نتیجے میں گیارہ دہشت گردوں کو کامیابی کے ساتھ ہلاک کیا گیااور ان کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ کر دیے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے کسی دوسرے دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے کیونکہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

دوسری طرف وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں 11دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج کے بہادر جوانوں نے اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر دہشت گردوں کیخلاف کامیاب آپریشن کیا ، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز ہمیشہ آہنی دیوار ثابت ہوئی ہیں، پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے،ہم پاک فوج کے شہدا اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں،وزیراعظم دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پر عزم ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔