Friday, March 29, 2024
ہومپاکستانآج یا کل زمان پارک میں آپریشن ہو گا ،مجھے مرتضی بھٹوکی طرح قتل کرنے کا منصوبہ ہے، عمران خان

آج یا کل زمان پارک میں آپریشن ہو گا ،مجھے مرتضی بھٹوکی طرح قتل کرنے کا منصوبہ ہے، عمران خان

لاہور(سب نیوز ) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت نے پولیس آپریشن کرکے مرتضی بھٹوکی طرح مجھے گھرمیں قتل کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
زمان پارک میں ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ آج پارلیمنٹ کامشترکہ اجلاس ہورہاہے، ان کی کوشش ہوگی پی ٹی آئی کوالیکشن سے باہرکیاجائے، ان کوخطرہ ہے الیکشن ہوگیاتوان کی سیاست ختم ہوجائیگی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ انہوں نے زمان پارک پرحملہ کیاجیسے کوئی دہشت گردچھپاہو، جگہ جگہ ناکے لگائے گئے،کارکنوں کوریلی سے الگ کیاگیا، ہمارے کارکنوں کوپکڑاجارہاہے، عدالت کے باہرپہنچاتوپولیس نے چھت سے پتھرائو کیا، 40منٹ سے زیادہ عدالت کے دروازے پرکھڑارہاتاکہ اندرجاسکوں، جوڈیشل کمپلیکس میں گرفتاری کیلئے ذہنی طورپرتیارہوکرگیاتھا، اسلام آباد کی عدالت نہ پہنچنے پر مجھ پرتوہین عدالت کاکیس ہوا، مجھے اپنے کیسزکی کوئی فکرنہیں۔
عمران خان نے بتایا کہ مجھے خود پولیس سے معلومات ملیں وہاں نامعلوم افرادموجودتھے، جنہوں نے سی ٹی ڈی کی وردی پہن رکھی تھی، ان کاپلان مرتضی بھٹوکی طرزپرمجھے قتل کرناتھا، آئی جی اس میں ملوث تھا، ان کااب ایک اورپلان ہے، جو آئی جی پنجاب،آئی جی کے پی اورہینڈلرزنے مل کربنایاہے۔
عمران خان نے کہا کہ ہوسکتاہے یہ آج شام یاکل زمان پارک میں دوبارہ آپریشن کریں، آئی جی پنجاب اور آئی جی اسلام آباد نے 2 اسکواڈبنائے ہیں جوہمارے لوگوں میں شامل ہوکر پولیس والوں پر فائرنگ کریں گے، جس کے نتیجے میں چار پانچ پولیس والے مارے جائیں گے، اس حملے کے جواب میں پولیس کی جانب سے فائرنگ ہوگی اور سانحہ ماڈل ٹاون کی طرح ہمارے لوگوں کا خون بہایا جائے گا۔ پولیس والے اس کے بعد میرے گھر تک پہنچیں گے اور پھر مجھے مرتضی بھٹو کی طرح قتل کردیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ جتنا اشتعال دلائیں کارکنوں نے کوئی ردعمل نہیں دینا، میرے خلاف کوئی نیاوارنٹ بھی لیکرآئیں توکارکن گھر کے اندرآنے دیں، میں اپنے لوگوں سے درخواست کرتا ہوں کہ آپ نے کسی کے کہنے پر اشتعال میں نہیں آنا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ویسے تو مجھے تمام مقدمات میں ضمانت مل چکی ہے، پھر بھی اگر پولیس کوئی وارنٹ لیکر آتی ہے تو آجائے، میں گرفتاری دینے کیلئے تیار ہوں، لیکن اپنے لوگوں کو مرنے نہیں دوں گا، مجھے اپنے کیسز نہیں کارکنان کی فکر ہے، عدلیہ ہمارے حقوق کی حفاظت کرے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ ہفتے کی رات مینارپاکستان پرجلسہ ہوگا، اگریہ ملک پربیٹھے رہے توآپ کاکوئی مستقبل نہیں، جتنے پیسے ہم نے آئی ایم ایف سے لینے ہیں اس سے زیادہ ان کے باہرپڑے ہیں، سینیٹ میں اسحاق ڈارنے نیوکلیئرپروگرام کوآئی ایم ایف سے جوڑدیا۔