Friday, July 5, 2024
ہومٹاپ سٹوریآئی ایم ایف کا 10 جولائی سے قبل بجلی کے نرخ میں مزید اضافے کا مطالبہ

آئی ایم ایف کا 10 جولائی سے قبل بجلی کے نرخ میں مزید اضافے کا مطالبہ

اسلام۔ آباد ( آئی پی ایس) نئے قرض پروگرام کے حصول کے لیے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان سے بجلی کے نرخوں میں 10 جولائی سے قبل 5 روپے فی یونٹ اضافے کا مطالبہ کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی ایم ایف نے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کو نئے پروگرام کے لیے پیشگی اقدامات کے طور پرمتعین کیا تھا، لہذا بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان نے آئی ایم ایف سے اگلے پروگرام کے لیے مزید فنڈز مختص کرنے کا بھی کہا ہے کیونکہ حکومت نے رواں مالی سال کے بجٹ میں آئی ایم ایف کی تمام شرائط پر عملدرآمد کردیا ہے۔

پاکستان نئے آئی ایم ایف پروگرام کے تحت 8 سے 10 ارب ڈالر قرض حاصل کرنا چاہتا ہے جبکہ رپورٹس کے مطابق آئی ایم ایف نئے پروگرام کے تحت 6 سے 7 ارب ڈالر فراہم کرنے پر آمادہ ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کی تمام شرائط پر عملدرآمد کر دیا ہے، اور عالمی مالیاتی ادارہ پارلیمنٹ سے بجٹ کی منظوری کے بعد ہر لحاظ سے مطمئن ہے۔

حال ہی میں، اقتصادی رابطہ کمیٹی نے رہائشی صارفین کے لیے گیس کی قیمتیں برقرار رکھتے ہوئے کیپٹیو پاور پلانٹس کے لیے گیس کے نرخوں میں اضافے کی منظوری دی تھی۔

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان قرض پروگرام معاہدہ رواں ماہ طے پانے کا امکان ہے جبکہ وزارت خزانہ نے آئی ایم ایف کو نئے بجٹ اقدامات سے بھی آگاہ کردیا ہے، قرض پروگرام پر اسٹاف لیول مذاکرات مئی میں ہوچکے ہیں جس کے بعد معاہدے کے لیے آئی ایم ایف وفد کا پاکستان آنا اب ضروری نہیں۔

وزارت خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف چاہتا ہے کہ نئے مالی سال میں بجلی اور گیس کے ریٹ بڑھا کر سبسڈی کنٹرول کی جائے اور نئے قرض پروگرام کے لیے پیشگی شرائط پر عمل کیا جائے، واضح رہے کہ آئی ایم ایف قرض پروگرام کی حتمی منظوری ایگزیکٹو بورڈ دے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔