Saturday, July 27, 2024
ہومتازہ ترینپولیو کا مکمل خاتمہ نظر آ رہا ہے،یہ وائرس خیبرپختونخوا تک محدود ہوگیا،وفاقی وزیر صحت

پولیو کا مکمل خاتمہ نظر آ رہا ہے،یہ وائرس خیبرپختونخوا تک محدود ہوگیا،وفاقی وزیر صحت

اسلام آباد:وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل سے گلوبل پولیو ایریڈیکیشن انیشیٹو کے اعلی سطحی وفد نے ملاقات کی۔وفد میں پولیو اوور سائیٹ بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر کرس الیاس، ڈبلیو ایچ او کے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر احمد المندھاری ،یونیسیف کے ریجنل ڈائریکٹر جارج لاریہ-اڈجی اور یونیسیف کے گلوبل ڈائریکٹر برائے پولیو سٹیون لاویئر سمیت عالمی ادارہ صحت کی سینئر قیادت روٹری اور یونیسیف کے نمائندے بھی موجود تھے۔
ترجمان وزارت صحت کے مطابق پولیو اورسائیٹ بورڈ عالمی سطح پر پولیو کے خاتمے کے اقدام کے فیصلہ سازی اور نگرانی کرنے والا اعلی ترین ادارہ ہے ۔
عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ حکومت اور تمام اسٹیک ہولڈرز پولیو کی موجودہ صورتحال اور درپیش چیلنجز سے بخوبی آگاہ ہیں ،
پولیو کا مکمل خاتمہ نظر آ رہا ہے یہ وائرس خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع تک محدود ہوگیا ہے ۔رواں برس ملک میں پولیو سے 20 بچے مفلوج ہو چکے ہیں ،ان تمام بچوں کا تعلق خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع سے ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے مشترکہ اہداف کے حصول کے لئے پرعزم ہیں ،پولیو کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے ، ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھے گے جب تک ہم ہدف حاصل نہ کر لیں ۔
عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ مصر جامعہ الازہر کے گرینڈ شیخ سے میری ملاقات ہوئی ، میری درخواست پر عالم دین نے پولیو کے قطرے پلانے کو تمام مسلمانوں کے لیے فرض قرار دیتے ہوئے ایک فتوی جاری کیا ،وزیر صحت نے تمام ممبران کا شکریہ ادا کیا کہ ان کی کوششوں سے دنیا بھر میں بچوں کو پولیو وائرس سے محفوظ بنایا گیا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔