Saturday, July 27, 2024
ہومدلچسپدبئی میں زیرتعمیر پینٹ ہاس اربوں روپوں میں فروخت

دبئی میں زیرتعمیر پینٹ ہاس اربوں روپوں میں فروخت

دبئی:دبئی میں ایک زیرتعمیر پینٹ ہاس (ایک بلند و بالا عمارت کا اوپری حصہ) ریکارڈ 13 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز (38 ارب پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت ہوا ہے۔اس فروخت نے دبئی میں مہنگی جائیدادوں کا ایک نیا ریکارڈ بنا دیا ہے۔کومو Residences نامی 71 منزلہ عمارت کے سب سے اوپر لگ بھگ 22 ہزار اسکوائر فٹ رقبے پر پھیلا یہ پینٹ ہاس ابھی تک تعمیر نہیں ہوا۔

پام جمیرہ میں واقع یہ پینٹ ہاس دنیا کا تیسرا مہنگا ترین پینٹ ہاس قرار پایا ہے، اس سے قبل لندن (23 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز) اور موناکو (44 کروڑ ڈالرز) میں مہنگے ترین پینٹ ہاس فروخت ہوئے تھے۔پام جمیرہ ایک مصنوعی جزیرہ ہے جو 1380 ایکڑ رقبے پر تعمیر ہوا ہے۔اس پینٹ ہاس کی تعمیر 2027 کے آخر تک مکمل ہوگی مگر اسے 3 سال قبل ہی ایک گمنام فرد نے خرید لیا ہے۔

خریدار کا نام تو ابھی تک سامنے نہیں آیا مگر یہ بتایا گیا ہے کہ اس کا تعلق مشرقی یورپ سے ہے۔اس سے قبل دبئی میں سب سے مہنگا پینٹ ہاس کچھ ماہ قبل 11 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز میں فروخت ہوا تھا۔

دبئی میں فروخت ہونے والے اس نئے پینٹ ہاس میں ایک 360 ڈگری اسکائی پول بھی تعمیر کیا جائے گا اور وہاں سے برج الخلیفہ اور دیگر مقامات کا نظارہ کرنا ممکن ہوگا۔اس سے قبل جون 2023 میں دبئی میں سب سے مہنگا گھر فروخت کے لیے پیش کیا گیا تھا۔

دبئی کے علاقے ایمریٹس ہل میں فروخت کے لیے پیش کیے جانے والے گھر کی قیمت 20 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز رکھی گئی تھی۔اکتوبر 2022 میں میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ بھارت سے تعلق رکھنے والے مکیش امبانی نے دبئی کا مہنگا ترین گھر 16 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز میں خریدا تھا۔ رپورٹس کے مطابق ایشیا کے امیر ترین شخص نے پام جمیرہ میں واقع یہ گھر کویت کے ایک بڑے کاروباری شخص سے خریدا تھا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔