Saturday, July 27, 2024
ہومپاکستانمعاشرے کے تمام طبقات کو قومی دھارے میں شامل کیے بغیر ترقی ممکن نہیں، صدر مملکت

معاشرے کے تمام طبقات کو قومی دھارے میں شامل کیے بغیر ترقی ممکن نہیں، صدر مملکت

کراچی،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ معاشرے کے تمام طبقات کو قومی دھارے میں شامل کیے بغیر ترقی ممکن نہیں، نئی نسل کارخیر کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کے ساتھ ساتھ بدعنوانی کے خلاف کھڑی ہو جائے، ایمان، اتحاد اور تنظیم کے اصول ہمارے لیے مشعل راہ ہیں، بچے اپنی اور ماحول کی صفائی ستھرائی کا خصوصی خیال رکھیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پاکستان سکائوٹس سندھ کے زیراہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ سکائوٹس ایک تربیتی تحریک ہے جو تنظیم، نظم و نسق اور خدمت کی تربیت فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر سکائوٹس میں اپنی شمولیت اور اس تحریک سے وابستہ اپنی یادوں کے بارے میں شرکا کو بتایا۔ صدر مملکت نے بچوں کو صفائی ستھرائی اور صحت افزا ماحول کی اہمیت سے آگاہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے بچوں کو اپنی اور ماحول کی صفائی کی نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے درختوں کی بہت اہمیت ہے، وزیراعظم عمران خان نے پورے ملک میں 10 ارب درخت لگانے کا پروگرام شروع کیا ہے، بچوں کو خود بھی پودے لگانے چاہئیں اور اپنے عزیز و اقارب کو بھی پودے لگانے کے لیے قائل کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے، اس پر عمل کرکے بہت سی بیماریوں سے بچائو ممکن ہے۔ صدر مملکت نے اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس میں سب کی فلاح ہے، مل کر کام کرنے کی بڑی اہمیت ہے اور سکائوٹس کی تحریک میں اس کی تربیت کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کے لوگوں کی ایک بڑی خوبی ہے کہ وہ کارخیر کے کاموں میں بڑھ چڑپ کر حصہ لیتے ہیں، بچوں میں اس جذبہ کو پروان چڑھانے کی ضرورت ہے، اسی طرح مضبوط قوم بنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کی بنیاد پر افراد اور ملک ترقی کریں گے، اس لیے ضروری ہے کہ بچوں کی معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت کا اہتمام بھی کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی زہر کی حیثیت رکھتی ہے جو ملکوں کو تباہ کر دیتی ہے، ہرممکن کوشش کریں مال بنانے کی لالچ سے دور رہیں، پاکستان کو کرپشن سے بہت نقصان پہنچا ہے، ہماری نئی نسل کو اس کا ادراک ہونا چاہیے کہ وہ اپنے ملک کو کرپشن کی لعنت سے پاک بنا سکتے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں معذور افراد کو اس قابل بنانا ہے کہ وہ علم اور ہنر کی بنیاد پر اپنے پائوں پر کھڑے ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کے خصوصی افراد کے حوالے سے معاشرے کو احساس کرنا چاہیے کہ ان کی تضحیک نہ کی جائے بلکہ ان کی عزت نفس اور احترام کو ملحوظ خاطر رکھا جائے، ان کی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ وہ معاشرے کے کارآمد شہری بن سکیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ جن قوموں نے محروم طبقات کا احساس کرتے ہوئے ان کی فلاح و بہبود پر توجہ دی اور انہیں قومی دھارے میں شامل کیا، انہوں نے ترقی کی منازل طے کی ہیں، مجھے امید ہے کہ اگر ہمارے معاشرے میں بھی ان صفات کو فروغ دیا جائے تو ہم پاکستان کو ایک مضبوط اور توانا ملک بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ قبل ازیں سکائوٹس نے ٹیبلوز پیش کیے اور مختلف سکائوٹنگ سرگرمیوں کا مظاہرہ بھی کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔